سٹاک مارکیٹ میں تیزی: 690 پوائنٹس کا اضافہ، ڈالر اور سونا سستا
کراچی ( کامرس رپورٹر ) پالیسی ریٹ میں کمی کی توقعات کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو تیزی کا رجحان رہا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں 690.39پوائنٹس کاا ضافہ ہوا جس سے انڈیکس 8114.20پوائنٹس سے بڑھ کر 81804.59 پوائنٹس ہو گیا ۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 92ارب70کروڑ5لاکھ56ہزار537روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 106کھرب19ارب50کروڑ73لاکھ40ہزار263روپے سے بڑھ کر 107کھرب12ارب20کروڑ78لاکھ96ہزار800روپے ہو گیا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو17ارب روپے مالیت کے 35کروڑ90لاکھ81ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔ گذشتہ روز مجموعی طور پر 436کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 243کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،139میں کمی اور54کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثنا انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں منگل کوڈالر کے مقابلے میں ر وپے کی قدر 10پیسے بڑھ گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت فروخت 277.80روپے سے گھٹ کر277.70روپے ہو گئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 279.94روپے سے گھٹ کر279.84روپے پر آ گئی۔علاوہ ازیں عالمی و مقامی مارکیٹوں میں منگل کو سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 6 ڈالر کی کمی سے 2647 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 600 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 74 ہزار 900 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونا 515 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 35 ہزار 682 روپے پرآگیا۔