سٹاک مارکیٹ میں ملاجلا رجحان، سرمایہ کاروں کے 4ارب روپے سے زائد ڈوب گئے
کراچی (سٹاف رپورٹر ، کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد ملاجلا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 85700پوائنٹس کو چھونے کے بعد 85400پوائنٹس کی سطح پر ہی بند ہوا اور انڈیکس میں صرف30پوائنٹس کااضافہ ہوا ،مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو4ارب روپے سے زائد کا خسارہ برداشت کرنا پرا جبکہ57.70فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ،کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ انتہائی غیر مستحکم رہی ،مارکیٹ صبح ہی سے اتار چڑھائو کا شکار رہی، صبح مثبت انداز میں کھلنے کے بعد مارکیٹ 85750پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو لیا تھا بعدازاں پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے فروخت کے دبائو سے مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی ۔ ادھر انٹر بینک میں جمعہ کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر گھٹ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی ۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالرکی قدر میں16پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قدر277.63روپے سے کم ہو کر277.75روپے ہوگئی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر279.59روپے پر مستحکم رہی ۔ادھر مقامی مارکیٹ میں جمعہ کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 2700 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔آل صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 2700 روپے مہنگا ہوا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 73 ہزار 900 روپے ہو گئی ہے ۔جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2315 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے ، جس کے بعد 10 گرام سونا 2 لاکھ 34 ہزار 825 روپے ہوگئی ہے ۔