سیاسی کارکن نکلنے سے پہلے 10 دفعہ سوچیں؛آج ڈی چوک آنے والا ہتھے چڑھ گیا تو کوئی نرمی نہیں برتیں گے : وزیرداخلہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان میں موجود ہیں، پی ٹی آئی اپنا احتجاج ملتوی کرے ، کسی ملک کا وزیراعظم آپ کے ملک میں ہو اور آپ کہیں ہم اسلام آباد پر دھاوا بولیں گے تو یہ ٹھیک نہیں ہے ۔گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ اس وقت ملائشیا کے وزیراعظم پاکستان میں ہیں، ایس سی او بھی پاکستان میں ہورہی ہے ، پی ٹی آئی کو کہوں گا کیونکہ ملائشین وزیراعظم آپ کے ملک میں ہیں اور آپ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا کہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا ملائیشین وزیراعظم کے پروٹوکول میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے ، ہم اس طریقے سے کسی جلسے کی اجازت نہیں دیں گے ، کسی ملک کا سربراہ شہرمیں موجود ہوں اور آپ شہر پردھاوا بولیں تو آپ کس کے مفاد کیلئے کام کررہے ہیں؟ بھارتی وزیراعظم لاہور میں تھے اور ایک چھوٹا سا واقعہ ہوا اور وہ ابھی تک ہمیں خراب کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا اگر کوئی جمعہ کو ڈی چوک آنے کی بات کرے تو جو ہاتھ چڑھے گا اس کے ساتھ کوئی نرمی نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو یہ زیب نہیں دیتا، اگر آج کوئی اسلام آباد میں احتجاج کرے گا تو ہم نے اس کیلئے پورا بندوبست کیا ہوا ہے ہم خبردار کررہے ہیں پھر کوئی شکوہ نہ کرے ۔وزیر دخلہ نے کہا سعودی وفد پاکستان آرہا ہے ، ہم نے آرمی کو اسلام آباد میں تعینات کردیا ہے ہمیں ہر صورت سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے ، انہیں بطور پاکستانی یہ زیب نہیں دیتا، مولانا فضل الرحمن نے درخواست کی ہے احتجاج کو موخر کردیں اگر موخر نہیں کریں گے تو پھر سٹیٹ موجود ہے ، سیاسی کارکن آج نکلنے سے پہلے دس دفعہ سوچیں بعد میں ہم سے شکوہ نہ کریں، سترہ اکتوبر تک ہم نے اپنی حکمت عملی بنالی ہے ۔