2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

سیالکوٹی خواب کو حقیقت کا روپ دیتے ہیں،فریڈرک ورہیڈن

28-04-2018

سیالکوٹ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان میں بلجیم کے سفیر مسٹر فریڈرک ورہیڈن نے کہا ہے کہ سیالکوٹ آکر ان کا یقین حقیقت میں بدل گیا ہے کہ سیالکوٹی واقعی جس منصوبے کا خواب دیکھتے ہیں اسے عملی جامہ پہنا کر ہی دم لیتے ہیں۔ سیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ کا قیام اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیال سیکرٹیریٹ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت وائس چیئرمین سیال محمد سہیل اصغر نے کی جبکہ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سیال میجر جنرل (ر) میر حیدر علی خان، سابق چیئرمین غلام مصطفی چودھری، ملک محمد اشرف اعوان ، ڈائریکٹر احسن شبیر کارل ، ٹریڈ کمشنر عابد حسین اور ائرپورٹ منیجر اذکار الحق کھوکھر کے علاوہ ائرپورٹ کے حکام موجود تھے ۔قبل ازیں وائس چیئرمین سیال محمد سہیل اصغر نے سیالکوٹ میں ائر پورٹ کے خواب کو حقیت کا روپ دھارنے ، کامیابی سے چلانے اور بزنس کمیونٹی کی عوامی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے اولین پرائیویٹ اور دنیا کے پہلے کمیونٹی ائرپورٹ کو جدید سہولیات فراہم کرنے کا مشن جاری رکھیں گے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سیال میجر جنرل (ر) میر حیدر علی خان نے کہا کہ ہمارا ائرپورٹ چھوٹا ضرور ہے لیکن جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی وجہ سے پاکستان کا سمارٹ ترین ائرپورٹ ہے ۔بعد ازاں چیئرمین سیال انجینئر خاور انور خواجہ بھی تقریب میں پہنچ گئے اور وفد نے ان کے ہمراہ ائرپورٹ کا دورہ کرکے اس کے معیار کو عالمی سطح کاقرار دیا۔ دورے کے احتتام پر معزز سفیر کو سیال کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔