سیکرٹری جنرل کو فون : اقوام متحدہ کشمیر یوں کا قتل عام روکے :وزیراعظم
اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نے جمعرات کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو ٹیلیفون کیا اور بھارتی قابض افواج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہرے صدمے اور تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا اقوام متحدہ کشمیریوں کاقتل عام روکنے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کرداراداکرے ۔ وزیراعظم نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سامنے حالیہ واقعات میں 15 معصوم کشمیریوں کی شہادت اور 300 مظاہرین کے زخمی ہونے کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں صدر راج کے نفاذ نے صورتحال کو مزید گھمبیر کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی تنازع نہیں بلکہ یہ بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا تصفیہ طلب مسئلہ ہے ۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے کہا کہ بھارتی افواج کشمیری نوجوانوں، خواتین اور بچوں پر جس ریاستی جبر میں ملوث ہے اس کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جون 2018ئکی سفارشات کے مطابق اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمیشن فوری تحقیقات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی تفتیش کیلئے انکوائری کمیشن بھیجا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کرے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دریں اثنا وزیراعظم سے بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈرو صوبائی وزیر صحت میر نصیب اﷲ خان مری نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے بلوچستان میں انشا ء اﷲ جلد ہی کینسر ہسپتال قائم کردیا جائے گا ،کوہلو میں بھی ایک میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا۔