شام میں بحران: امریکہ کے تعاون کے فروغ کیلئے اردن، متحدہ عرب امارات، اور شامی اپوزیشن سے رابطے
واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے شام کے بحران پر عالمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اردن، متحدہ عرب امارات، اور شامی اپوزیشن کے رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے کئے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے کہا ہے کہ دمشق کی نئی حکومت میں تمام طبقات کی نمائندگی ضروری ہے ،امریکہ بھی وقت کے ساتھ نئی شامی حکومت کو تسلیم کر لے گا۔بائیڈن انتظامیہ نے شامی باغیوں سے پہلا رابطہ کرتے ہوئے جامع حکومت کے قیام پر زوردیا ہے ،کیپیٹل ہل کے کچھ قانون سازوں نے بائیڈن انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ شام اور خاص کر حیات التحریر پر لگائی گئی پابندیاں اٹھائی جائیں۔دریں اثنا روس نے کہا ہے کہ شام میں صورتحال جلد از جلد مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔علاوہ ازیں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی سے بات چیت کی جس میں شام کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ امریکہ شام میں عوام کی نمائندہ حکومت کی حمایت کرے گا اور شہریوں کے تحفظ کے لیے انسانی امداد کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔انٹونی بلنکن نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ شام کی سرزمین کو دہشتگردی کے اڈے کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔