شکار کے مواقع،سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے : خالد عیاض
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈپارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ قانونی شکاریوں کو شکار کے مواقع اورسہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ا نہوں نے کہا کہ محکمہ کے زیر انتظام حالیہ کالا ہرن و چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ اور فیزنٹ شوٹ پروگرام کے انعقاد سے سینکڑوں شکاریوں کے شوق کی تکمیل کا سامان کیا گیا تاہم قانونی شکاریوں کو چاہیئے کہ وہ غیر قانونی شکار کی روک تھام میں محکمہ کا ہاتھ بٹائیں اور غیر قانونی شکاریوں کی نشاندہی کر کے اپنا قومی و اخلاقی فرض ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلوں میں جنگلی حیات کی آبادی کو محفوظ بنانے کے لئے جنگلی جانوروں اور پرندوں کی غیر قانونی خرید و فروخت کی روک تھام کیلئے خصوصی چھاپہ مار سکواڈ تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف لائسنس یافتہ ڈیلرز ہی مصنوعی ماحول میں افزائش شدہ ملکی و غیر ملکی جانوروں اور پرندوں کی خرید و فروخت کے مجا ز ہیں اور محکمہ کے افسران اور چھاپہ مار ٹیموں کے طلب کرنے پر انہیں اپنی خرید کا مکمل ریکارڈ پیش کر نا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیپیسٹی بلڈنگ آف ریسرچ اینڈ ٹریننگ ان وائلڈ لائف ڈسپلنز پراجیکٹ کے تحت شکاری ، جنگلی حیات کے تحفظ پسند اور جنگلی حیات سے پیار کرنے والوں کی آگہی و تربیت کے لئے منعقدہ تیسری ایک روزہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔