2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

شہروں میں راستے ڈوب جاتے ہیں، سیوریج کا نظام بہتر بنانا ہوگا: مریم نواز

30-11-2024

لاہور(سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عوام کے تحفظ کیلئے جامع فلڈنگ پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ نے اربن فلڈنگ روکنے کے لئے مشینری خریدنے کی اصولی منظوری دے دی۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب میں اربن فلڈنگ دریائی سیلاب اور رودکوہی سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔موٹرویز، ہائی ویز اور ریلوے ٹریک کے نیچے سیلابی راستوں کی صفائی کی ہدایت کی گئی۔ روڈز سے بارش کے پانی کا نکاس یقینی بنانے کے لئے گرین بیلٹ کا لیول نیچے کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلی نے سیلابی نالوں کی بروقت صفائی اور بحالی یقینی بنانے اور فلڈنگ کے سدباب کے لئے قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اربن فلڈنگ سے متاثرہ شہروں میں سٹوریج ٹینک بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ شہروں میں راستے ڈوب جاتے ہیں، سیوریج کا نظام بہتر بنانا ہوگا۔ لوگوں کی تکالیف کے پیش نظر سیوریج سسٹم کی بحالی اور بہتری کی ترجیحات کا تعین کیا جائے ۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ظلم و زیادتی کے شکار فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، عالمی برداری کو نہتے فلسطینیوں، بچوں اور خواتین کے قتل عام پر جاگنا ہو گا۔ پاکستان کا ہر شہری فلسطینیوں کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہے ۔ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کاحامی رہا ہے ،پاکستانی ہمیشہ فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔ فلسطینیوں کی جدوجہد ایک دن ضروررنگ لائے گی اور آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے ۔دعا ہے اللہ تعالیٰ فلسطینی عوام کو غاصب اسرائیل کے ظلم و بربریت سے نجات عطا فرمائے ۔