2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

صیہونی عفریت بے لگام،لبنان پر بمباری جاری، 70افراد شہید،یمن پربھی فضائی حملے شروع: پاکستان سمیت کئی ملکوں میں احتجاجی مظاہرے

30-09-2024

بیروت، صنعائ، تل ابیب (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک، نیٹ نیوز)اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر دوبارہ حملے کیے ہیں اور جارحیت کا سلسلہ بڑھاتے ہوئے یمن پر بھی فضائی حملے شروع کر دیے ہیں، صیہونی دہشت گردی کے خلاف پاکستان، ایران اور عراق سمیت کئی ملکوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ، مظاہرین نے مسلم حکومتوں سے اسرائیل کے خلاف اجتماعی ردعمل دینے کا مطالبہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے شہر عین الدلب، وادی بقاع اور دیگر علاقوں پر درجنوں حملے کیے جن میں حزب اللہ کے ایک اور سینئر رہنمانبیل قاؤق سمیت 70 افراد شہید اورڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہو گئے ،نبیل قاؤق تنظیم کی اندرونی سکیورٹی کے انچارج تھے ۔صیہونی فوجی ترجمان نے بتایا کہ حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ڈپوز اور لانچنگ سائٹس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، رائٹرز کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے یمن کی راس عیسیٰ اور حدیدہ بندرگاہ پر حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی اور پاور پلانٹس کو بھی نشانہ بنایا جس سے بڑے علاقے بجلی کی منقطع ہو گئی۔عرب میڈیا کے مطابق شہید حسن نصراللہ کا جسد خاکی مل گیا جس پر کسی بڑے زخم کا کوئی نشان نہیں، ماہرین کے مطابق ان کی موت بظاہردھماکے کی شدت کے باعث ہوئی ہے ۔حسن نصراللہ کے ساتھ تنظیم کی 20سینئر شخصیات بھی شہید ہوئی ہیں جن میں ابراہیم حسین جزینی، سمیر توفیق دیب، عبدالامیر سبلینی اور علی ناف ایوب بھی شامل ہیں۔ایک فرانسیسی اخبار لاپیرسین نے دعویٰ کیا ہے کہ حسن نصراللہ کے ٹھکانے کا پتا ایک ایرانی ایجنٹ نے بتایا تھا، اس ایجنٹ کی فراہم کردہ حساس معلومات کا تجزیہ کرنے کے بعد حملے کی منصوبہ بندی کی گئی۔صیہونی دہشت گردی کے خلاف پاکستان، ایران، عراق اور لبنان میں ہزاروں افراد نے اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے اور حسن نصراللہ کے قتل کا بدلہ لینے کا مطالبہ کیا۔ پاکستان کے صوبائی دارالحکومتوں اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، شرکا نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک متحد ہوں اور ڈٹ کر اپنا موقف دنیا کے سامنے رکھیں۔عراق میں مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کا گھیراؤ کیا جس پر اضافی سکیورٹی طلب کی گئی۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ حسن نصر اللہ کے قتل کے بعد اسرائیل کبھی امن نہیں دیکھے گا، اس کارروائی نے صیہونی حکومت کے زوال کو تیز کر دیا ہے ، امریکہ اس جرم میں برابر کا شریک ہے ۔ایران نے حسن نصراﷲ کی شہادت کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ابھی صرف ایک مقصد پورا ہوا ہے لیکن مشن ابھی باقی ہے اور آنے والے دنوں میں مزید کچھ ہوگا،خطے میں طاقت کے توازن کیلئے حسن نصر اللہ کو مارنا ضروری تھا، اسرائیل کیلئے خطرہ بننے والے باب کو ہمیشہ کیلئے بند کر دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران خبردار رہے ، اسرائیل پر حملہ کیا تو فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔پوپ فرانسس نے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں عام شہریوں کے ہلاکتوں پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے اخلاقی نہیں ہیں،جنگ غیراخلاقی ہے لیکن اصول اسے کچھ اخلاقیات دیتے ہیں۔