علاقائی کشیدگی: ایران کی یکطرفہ حملے والے ڈرونز، نئے بیلسٹک میزائل کی رونمائی؛ اسلامی ممالک اسرائیل سے تعلقات منقطع کریں :خامنہ ای
تہران(نیٹ نیوز)ایران نے بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی اور روس کو مسلح کرنے کے الزامات کے درمیان ایک فوجی پریڈ میں نئے بیلسٹک میزائل اور ایک اپ گریڈڈ یکطرفہ حملہ کرنے والے ڈرون کی نقاب کشائی کردی۔ایرانی سپریم لیڈرخامنہ ای نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک اسرائیل سے تعلقات منقطع کریں، ایرانی صدر پزشکیان نے کہا ہے کہ ہماری دفاعی اور باز رکھنے کی صلاحیتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ کوئی شیطان جارحیت کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ٹھوس ایندھن والے جہاد میزائل کو ایران کے پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس آرم نے ڈیزائن اور تیار کیا ہے اور اس کی آپریشنل رینج ایک ہزار کلومیٹر ہے ، ’شہید-136 بی‘ ڈرون ’شہید -136‘ کا ایک اپ گریڈڈ ورژن ہے ، جس میں نئی خصوصیات اور 4 ہزار کلومیٹر سے زیادہ کی آپریشنل رینج ہے ۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں صدام حسین کے عراق کے ساتھ 88-1980کی جنگ کی یاد میں منعقد ہونے والی سالانہ پریڈ میں شرکت کی انہوں نے کہا کہ ’آج ہماری دفاعی اور باز رکھنے کی صلاحیتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ کوئی شیطان ہمارے پیارے ایران پر جارحیت کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ ’اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ ہم خونخوار، نسل کشی کرنے والے غاصب اسرائیل کو اس کی اوقات میں رکھ سکتے ہیں جو خواتین یا بچوں، بوڑھوں یا جوانوں پر کوئی رحم نہیں کرتا۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بھی ایران کی میزبانی میں مسلم علما کے سالانہ اجلاس کے وفود سے اسرائیل کے خلاف اسی طرح کا خطاب کیا، اور اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مکمل طور پر منقطع کریں .