عمران خان کے 3 کھلاڑی آصف زرداری کو پیارے [[زاہد درانی،عبید اﷲ مایار ، نگینہ نازپیپلزپارٹی میں شا مل
لاہور(خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی ) خیبر پختونخواسے تحریک انصاف کے تین ایم پی ایز نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف زرداری سے ملاقات کرکے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ خیبر پختونخواسے تحریک انصاف ایم پی اے زاہد درانی،عبید اﷲ مایاراور نگینہ ناز نے بلاول ہاؤس میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف زرداری سے ملاقات میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا،آصف زرداری نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی آنے والے وقت میں کے پی کے میں مزید مضبوط ہو گی،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں بھی سرپرائز دے گی،پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے دیکھ لیں کہ پیپلز پارٹی ہی وفاق کی واحد جماعت ،الیکشن سے پہلے ہمارے مخالفین کے اور برج بھی گریں گے ،پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن کے بعد ایک بار پھر سیاسی قوت بن کر ابھرے گی،کے پی سے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ایم پی ایزز نے بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ بیس سال تک رہے ، اب پی ٹی آئی کو نظریہ کو نہیں پیسے والوں کی ضرورت ہے ، ہم سے سینٹ کے حوالے سے کسی نے کوئی وضاحت نہیں مانگی، کے پی کے کئی اراکین اسمبلی پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گے ۔بعدازاں پیپلزپارٹی پنجاب کے صدرقمرزمان کائرہ کی سربراہی میں وفد نے آصف زرداری سے ملاقات کی ،زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 2018 کے انتخابات کے بعد ہمارے بغیر کوئی حکومت نہیں بن سکے گی،اگر بنی تو چل نہیں سکے گی،زرداری نے کہا کہ جیسے میں نے کہا تھا ن لیگ کو سینٹ نہیں لینے دوں گا اسی طرح آج کہتا ہوں میں مسلم لیگ ن کو حکومت نہیں بنانے دوں گا۔