2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

غزہ، لبنان پر بمباری، 51افراد شہید،ٹرمپ اسرائیل کی اندھی حمایت ختم کریں:حماس

07-11-2024

غزہ، بیروت، ڈبلن(نیٹ نیوز، ایجنسیاں) اسرائیل نے غزہ کی پٹی اور جنوبی لبنان پر شدید بمباری کی جس میں 51افراد شہید اور 130 زخمی ہو گئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی طیاروں نے غزہ میں بیت لاہیا اور نصیرات کیمپ کو نشانہ بنایا،جس سے 20فلسطینی شہید ہو گئے ، بمباری سے ایک رہائشی عمارت اور متعدد گھر تباہ ہو گئے ۔ دوسری جانب صیہونی طیاروں نے جنوبی لبنان میں بعلبک، قصبہ برجا اور بنت جبل سمیت کئی علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 31لبنانی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ۔اسرائیل نے مسلسل بمباری کر کے جنوبی لبنان کے 37 قصبوں اور دیہات کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا ہے ، ان علاقوں میں 40ہزار سے زائد گھر ملیامیٹ ہو چکے ہیں۔دریں اثنا حزب اللہ نے اسرائیل کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ ،ایک فوجی اڈے اور کئی آبادیوں کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ، تنظیم کے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل پر 120راکٹ داغے گئے ہیں۔حماس نے ٹرمپ کی جیت پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جوبائیڈن کی غلطی کو نہ دہرائیں اور اسرائیل کی اندھی حمایت ختم کر دیں کیونکہ اسرائیل کیلئے امریکہ کی یہ حمایت فلسطینیوں کے مستقبل اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈالتی ہے ۔نئے صدر کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو مسترد کرتے ہوئے خود امریکی برادری کی آواز کو سننا چاہیے ، انہیں اس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ فلسطینی اسرائیل کے ناجائز قبضے اور جارحیت کا مسلسل مقابلہ کر رہے ہیں جبکہ اس حقیقت کا ادراک بھی ہونا چاہیے کہ فلسطینی کسی بھی ایسے حل کو قبول نہیں کریں گے جو ان کے حقوق کو تلف یا کم کرتا ہو۔علاوہ ازیں آئرلینڈ نے پہلی مرتبہ اپنے ہاں فلسطینی سفیر کی تقرری کی منظوری دے دی، جیلاب وہبہ عبدالمجید آئرلینڈ میں فلسطین کی سفیر ہوں گی اور وہ اپنے ہیڈ آف مشن کے طور پر موجودہ عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گی۔قبل ازیں دارالحکومت ڈبلن میں فلسطینی مشن کو سفارتخانے کا درجہ دیا گیا تھا۔آئرلینڈ نے رواں سال کے شروع میں فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا تھا۔