2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

غزہ: صیہونی بمباری میں 52فلسطینی شہید،حزب اللہ کا ڈرون حملہ، 40اسرائیلی فوجی زخمی

14-10-2024

غزہ،بیروت، واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں، نیٹ نیوز) اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملوں میں مزید 52فلسطینی شہیداور 128 زخمی ہو گئے ۔ اسرائیل کی دھمکیوں کے بعد بے گھر اور لٹے پٹے فلسطینیوں نے ایک بار پھر شمالی غزہ سے ہجرت شروع کر دی ہے ، اسرائیل پورے شمالی غزہ کو ملٹری زون بنانے کا ارادہ رکھتا ہے ۔دریں اثنا اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان پر بمباری کی جس میں 11افراد شہری شہید ہو گئے ، بمباری میں ایک قدیم مسجد بھی شہید ہوگئی۔ حزب اللہ نے حیفا کے جنوب میں بنیامین فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا جس میں 40اہلکار زخمی ہوئے ہیں،اسرائیلی ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ فوجیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے 4 کی حالت نازک ہے ۔ حزب اللہ نے 115راکٹوں سے شمالی اسرائیل پر حملہ کیا ہے ، راکٹ حملے میں کیرات شمونا اور زوریت نامی آبادکاری بستیوں کو اور فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔امریکہ، برطانیہ، فرانس، سویڈن، نیدرلینڈز، جرمنی اور ترکی سمیت متعدد ملکوں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کیے گئے ، شرکا نے مغربی ممالک سے اسرائیل کو فنڈنگ اور ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کیا۔اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے 7اکتوبر کو اسرائیل پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران فلسطینی مزاحمتی گروپوں کی حمایت کرتا ہے لیکن اسے اس حملے کے متعلق علم تھا نہ وہ اس میں کسی بھی طرح ملوث ہے ۔دوسری جانب اسرائیل نے امریکہ کی معاونت اور امداد سے ایران پر حملے کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکہ اپنے 3ہزار فوجی اور اپنا فضائی دفاعی نظام تھاڈ بھی اسرائیل میں تعینات کرے گا تاکہ ایران کی جوابی کارروائی کے دوران بیلسٹک میزائلوں کو مار گرایا جا سکے ، امریکہ مشرق وسطیٰ میں موجود اپنے فوجیوں کے تحفظ کیلئے فضائی دفاعی نظام پیٹریاٹ کی اضافی بٹالینز بھی تعینات کریگا۔این بی سی چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے کہا کہ اسرائیل نے ایران میں اپنے اہداف کا تعین کر لیا ہے جو ممکنہ طور پر فوجی تنصیبات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے ہو سکتے ہیں،تاہم جوہری تنصیبات یارہنماؤں کو نشانہ بنانے کے اشارے نہیں ملے ،این بی سی کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یوم کپور کی تعطیلات کے دوران جوابی حملہ ہو سکتا ہے ۔