2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

غزہ میں نیا قتل عام 53 فلسطینی شہید موساد ہیڈ کوارٹرز کے باہر ٹرک نے اسرائیلی فوجی کچل ڈالے، 5 ہلاک

28-10-2024

غزہ، بیروت (نیٹ نیوز،ایجنسیاں)اسرائیل نے شمالی غزہ کے شہر بیت لاہیا پر شدید بمباری کی جس سے 53فلسطینی شہید اور 137زخمی ہو گئے ۔ وفا نیوز ایجنسی نے بتایا کہ صیہونی طیاروں نے بیت لاہیا میں بم برسا کر چھ رہائشی عمارتوں کو ملیامیٹ کر دیا جبکہ الشاطی کیمپ پر بھی فضائی حملہ کیا، شہدا میں تین صحافی بھی شامل ہیں جو اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے ۔اسرائیل نے گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے شمالی اسرائیل کا محاصرہ کر رکھا ہے جہاں ساڑھے 4لاکھ فلسطینی محصور ہیں اور وہاں خوراک اور ادویات بھی جانے نہیں دی جا رہیں۔اسرائیلی فوجی تین دن کے بعد کمال عدوان ہسپتال سے نکل گئے ہیں اور جات ہوئے متعدد مریض اور عملے کے کارکنوں کو بھی اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔اسرائیلی شہر تل ابیب میں گیلوت فوجی اڈے کے قریب ایک ٹرک بس سٹاپ پر موجود لوگوں پر چڑھ دوڑا جس سے 5اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ اہلکاروں سمیت 52افراد زخمی ہو ئے جن میں سے 8کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے ۔اسی اڈے میں موساد کا ہیڈکوارٹرز بھی واقع ہے ۔ہارٹز اخبار کے مطابق بس سٹاپ پر موجود ایک مسلح شہری نے ٹرک ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اسرائیلی پولیس نے کہا کہ واقعہ کو دہشت گردانہ حملے کے طور پر دیکھ رہے ہیں، ڈرائیور فلسطینی ہے اور ممکنہ طور پر اس کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس سے ہے ۔اسرائیل نے لبنان کے شہر صیدا سمیت کئی علاقوں پرفضائی حملے کیے جن میں 17افراد شہید اور 32زخمی ہو گئے ۔جنوبی لبنان میں جھڑپیں بھی جاری ہیں، حزب اللہ کے تازہ حملے میں میجر سمیت5اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ 14زخمی ہوئے ، فوجی ترجمان نے بتایا کہ 4زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے مزید 14 دیہات کے رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ فوراً علاقہ خالی کر رکے دریائے اولی کے شمال میں منتقل ہو جائیں۔