فواد حسن کیخلاف مہنگی گاڑیاں خریدنے کی انکوائری بھی شروع
لاہور(اپنے نیوز رپورٹر سے ؍این این آئی )نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے خلاف سکیورٹی اداروں کیلئے ہیوی گاڑیاں خریدنے کے معاملے کی بھی انکوائری شروع کر دی گئی۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے نیب کو فواد حسن فواد سے جیل میں تفتیش کرنے کیلئے اجازت دیدی ۔نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ اور تفتیشی عبدالماجد کی طرف سے درخواست احتساب عدالت میں پیش کی گئی۔ نیب نے موقف اپنایا کہ فارن افیئر، وزارت داخلہ اور انٹیلی جنس بیورو کیلئے بلا ضرورت اور مہنگے داموں گاڑیاں خریدی گئیں ،فواد حسن فواد نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت میں رابی سینٹر گلبرگ میں کروڑوں روپے کی خردبرد کیس پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزم ڈاکٹر عبدالرشید اور حاجی گل محمد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔