2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

فیس بک کاانقلابی قدم،’’ڈیجیٹل لائبریری‘‘ قائم کردی

05-08-2018

کیلیفورنیا(نیٹ نیوز) فیس بک نے نوعمر صارفین کیلئے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے مفت ڈیجیٹل لائبریری قائم کردی ہے جس میں انٹرنیٹ سکیورٹی، انٹرنیٹ پرائیویسی اور فیس بک پر صحتمندانہ دوستی اور روابط پر اسباق اور ویڈیوز رکھی گئی ہیں۔پہلے مرحلے میں 18 اسباق انگریزی میں موجود ہیں جنہیں بہت جلد دنیا کی 45 مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا۔ اسے فیس بک کی ’’ڈیجیٹل لٹریسی لائبریری‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ لیکن حیرت انگیز طور پر اس میں جعلی خبروں اور افواہوں کے تدارک کے لیے کوئی رہنمائی شامل نہیں جس کے تحت فیس بک پر روسی پروپیگنڈا کرکے 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات پر اثر ڈالا گیا تھا۔فیس بک اس نئی سہولت سے نوعمر صارفین کو انٹرنیٹ کا استعمال ذمے داری کے ساتھ سکھانا چاہتا ہے ۔ فیس بک نے کہا ہے کہ اس لائبریری کا مقصد دنیا بھر میں موجود 83 کروڑ نوعمر بچوں اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل خواندگی، اس کے اصول اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنا ہے ۔لائبریری کے اسباق میں سوشل میڈیا کی خوفناک عادت، آن لائن بدتمیزی، پرائیویسی اور آن لائن سکیورٹی جیسے امور پر رہنمائی فراہم کی گئی ہے ۔ فیس بک نے ہارورڈ یونیورسٹی میں واقع برکمان کلائن سینٹر کی ٹیم کی مدد سے یہ ڈیجیٹل لائبریری بنائی ہے ۔ان اسباق کو مفت میں ڈاؤن لوڈ کرکے سکولوں اور گھروں میں پڑھا جاسکتا ہے ۔ فیس بک کے مطابق اس کی تیاری میں نوعمر لڑکے لڑکیوں سے مدد لی گئی ہے اور اسے پانچ زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں پرائیویسی، شناخت، مثبت برتاؤ، سکیورٹی اور کمیونٹی سے وابستگی بھی شامل ہے ۔