2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

لاہور ہائیکورٹ: سرکاری یونیورسٹیوں میں ڈینز کے تقرر کی اہلیت کیلئے گورنر پنجاب کاسرکلر کالعدم

01-10-2024

لاہور( نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری یونیورسٹیوں میں فیکلٹی ڈینز کے تقرر کی اہلیت کیلئے گورنر پنجاب کا سرکلر کالعدم قرار دے دیا،جسٹس عابد حسین چٹھہ نے ڈاکٹر شازیہ ارشد کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا،عدالت نے قرار دیا گورنر پنجاب کی جانب سے جاری سرکلر قانون کے برعکس ہے ،ہر یونیورسٹی کا اپنا ایکٹ ہوتا ہے جس کے تحت وائس چانسلر اور ڈینز کا تقرر ہوتا ہے ،پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے ایکٹ میں تعیناتیوں کا طریقہ کار موجود ہے اور گورنر از خود کوئی طریقہ کار طے کرکے ایکٹ میں شامل کرنے کا نہیں کہہ سکتے ، گورنر کے طے کردہ طریقہ کار کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے نئے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کیلئے نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کیخلاف درخواست پر درخواست گزار وکیل کو ماضی کا متعلقہ نوٹیفیکیشن درخواست کیساتھ لگانے کی ہدایت کر دی ۔لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی جعلی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کی تفتیش مکمل کرنے کیلئے ڈی جی ایف آئی اے کوگیارہ اکتوبر تک مہلت دے دی اور ہدایت کی کہ میرٹ کے مطابق تفتیش کی جائے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کب تک لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگی رہیں گی۔،ملک میں ایکس کیسے کام کررہا ہے عدالت کو آگاہ کیاجائے ۔ ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا فیس بک اور ایکس کا حکومتی سطح پر کوئی معاہدہ نہیں اور اسی طرح کے معاہدوں کے نہ ہونے سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے ،دو تین ہفتے دے دیں،معاملے میں کارکردگی دکھائیں گے ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہادوتین ہفتوں میں پتہ ہے کتنے گھنٹے اور کتنا وقت ہوتاہے ،اگر کام کرنا ہو تو چار دن بھی بڑے ہوتے ہیں،نہ کرناہوتو دس دن بھی کم پڑ جاتے ہیں،دس دنوں میں قانونی پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیاجائے ۔لاہور ہائیکورٹ نے سینٹ انتخابات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ بیان حلفی میں غلطیوں کے معاملے پر اسی نوعیت کی درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دیدیا ہے ،جسٹس انوار الحق پنوں مزیدسماعت 22 اکتوبر کوکرینگے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے کسانوں سے گندم نہ خریدنے اور باردانہ نہ دینے کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت سمیت دیگر کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دے دی ۔