لیجنڈری اداکار عابد کشمیری انتقال کر گئے
لاہور(کلچرل رپورٹر) لیجنڈری اداکار عابد کشمیری 74 سال کی عمر میں مختصر بیماری کے بعد انتقال کر گئے ۔مرحوم کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے ان کی بیٹی نے بتایا کہ عابد کشمیری کچھ عرصہ سے بیمار تھے ، مرحوم نے پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ ان کی بیٹی کے مطابق ان کا بھائی بیرون ملک مقیم ہے اس کی واپسی پر تدفین کی جائے گی ۔ عابد کشمیری 4 مئی 1950 کو لاہور میں پیدا ہوئے ، انہوں نے سیکڑوں ٹی وی ڈراموں، سٹیج اور فلموں میں کام کیا، اپنی بے ساختہ مزاحیہ اداکاری کے باعث وہ شائقین کے دلوں پر راج کرتے تھے ۔1988 میں انہیں فلم بازار حسن میں بہترین مزاحیہ اداکاری پر نگار ایوارڈ دیا گیا۔شوبز شخصیات کی جانب سے مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے ۔اداکار فردوس جمال،ندیم بیگ،مصطفی قریشی،شان،دانش تیمور،سنگیتا اور حبا بخاری و دیگر نے اداکار عابد کشمیری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا مرحوم ایک باصلاحیت فنکار اور بے پناہ خوبیوں کے مالک تھے ،وہ بہترین اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک شریف النفس انسان بھی تھے ،فلم و ٹی وی انڈسٹری ایک ٹیلنٹڈ اداکار سے محروم ہو گئی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کی کوآرڈینیٹر برائے کلچر و نیشنل ہیریٹیج فرح دیبا نے عابد کاشمیری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے سوگوار خاندان اور عابد کاشمیری کے تمام مداحوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور کہا مرحوم ایک ورسٹائل اور باصلاحیت اداکار تھے جنہوں نے پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی منفرد پہچان بنائی۔ عابد کاشمیری کی فنکارانہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔