ماحولیاتی نمونوں میں پولیووائرس موجود، خاتمہ کردینگے :ڈاکٹر مختار
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہاہے کہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے ، پولیو وائرس ہمارے ماحولیاتی نمونوں میں موجود ہے ، پولیو کے 24 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔ وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں منعقدہ اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق اجلاس کے دوران پولیو کی موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس میں ستمبر کی کامیاب پولیو مہم کے اعداد و شمار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اکتوبر اور نومبر میں ہونے والی پولیو مہم کی حکمت عملی پر ڈاکٹر مختار بھرتھ کو بریفنگ دی گئی۔ ا جلاس میں ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ ستمبر کی انسدادِ پولیو مہم میں تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ بچوں کو ویکسین فراہم کی گئی۔ پولیو کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ایمرجنسی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔جنوبی خیبر پختونخوا، کراچی ڈویژن، کوئٹہ ڈویژن ، پشاور اور خیبر میں پولیو وائرس کی موجود گی کی تصدیق ہوئی ہے ۔