2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

مسئلہ فلسطین پر مسلمان ممالک کو نیٹو طرزکا اتحاد تشکیل دینا چاہیے : ڈاکٹر ذاکر نائیک

02-10-2024

اسلام آباد، کراچی (سپیشل رپورٹر،خبر نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر،صباح نیوز)ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے نیٹو طرز کے اتحاد کی تشکیل کی تجویز دے دی۔اسلام آباد میں پاکستانی اینکرز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ نیٹو کے 32 ممالک ہیں ، ا کسی ایک ملک پر حملہ ہو تو تمام ممالک پر حملہ تصور ہوتا ہے ۔ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ 57 اسلامی ممالک کو بھی نیٹو کے اصولوں پر مبنی ایک اتحاد تشکیل دینا چاہیے ۔ اس طرح مسلمان ممالک زیادہ طاقت ور ہوں گے ، لیکن افسوس کہ مسلمان تقسیم کا شکار ہیں۔ میڈیا پلیٹ فارمز پر آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں پرامن احتجاج کرنا چاہیے جبکہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیے ، اس کے علاوہ مسلمانوں کو انفرادی طور پر جتنا بھی ہوسکے فلسطینیوں کی مالی امداد کرنی چاہیے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلمانوں کو عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمات کرنے چاہئیں۔ مسلمانوں کے میڈیا کو چاہیے کہ فلسطین کے حوالے سے آواز بلند کرے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مسلمان قرآن و سنت پر عمل کریں گے تو اﷲ کی مدد اور زیادہ آئے گی۔ اس کے علاوہ اگر مسلمان اسلامی نظام نافذ کریں اور خلافت قائم کریں تو ان شااﷲ اس طرح کے مسائل کبھی نہیں ہوں گے ۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر ذاکر نائیک جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ گئے ۔ مولانا نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ان کا استقبال کیا،ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ہمراہ ان کے صاحبزادے طارق نائیک بھی تھے ۔ مولانا فضل الرحمن نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا اور تحائف دئے جبکہ ڈاکٹرذاکرنائیک نے مولانافضل الرحمان کو پرفیوم کا تحفہ دیا،ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کی اقتداء میں نماز مغرب بھی ادا کی۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میری خواہش تھی جو آج پوری ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ قبل ازیں ذاکر نائیک نے پارلیمنٹ کا دورہ کیا جہاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی جس میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی ۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں، امت مسلمہ کو اپنے اختلافات کو بھلا کر قرآن و سنت کی روشنی میں متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے ، اسلامی تعلیمات امن، رواداری اور محبت کا پیغام دیتی ہیں،امت مسلمہ کو متحد ہونے اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے ۔بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایوان کا دورہ بھی کیا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک آج بدھ کو کراچی جائینگے ۔ 11 اکتوبر کو ڈاکٹر ذاکر نائیک کراچی سے لاہور روانہ ہو جا ئینگے ۔