2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

مسیحی برادری سے اظہاریکجہتی ، تاریخ میں پہلی بار چرچ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس: ہرمتاثرہ گھر کیلئے 20لاکھ امدادکااعلان

21-08-2023

لاہور، فیصل آباد(وقائع نگار،نمائندہ خصوصی سے ،نمائندہ خصوصی،صباح نیوز )اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیںکے مصداق پنجاب حکومت کا مسیحی برادری سے بھرپور اظہار یکجہتی کیلئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی تمام صوبائی وزراء کے ہمراہ جڑانوالہ کے علاقے عیسی نگر پہنچ گئے ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی اور صوبائی وزراء ایک ہی کوچ میں بیٹھ کر اے ای سی چرچ پہنچے اور مسیحی برادری کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بارنگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے چرچ کے اندر ہی صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔چرچ میں تمام صوبائی وزرائ،مشیران،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام موجود تھے ۔چیف سیکرٹری نے صوبائی کابینہ کا یک نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔صوبائی کابینہ نے متفقہ طورپر جڑانوالہ واقعہ میں نذرآتش کئے جانے والے گھروں کے مالکان کیلئے 20لاکھ روپے فی گھر مالی امداد کی منظوری دی۔محسن نقوی نے کہا کہ واقعہ میں نذرآتش ہونے والے ہرگھر کے مالک کو 20لاکھ روپے کی امدادی رقم کے چیک48گھنٹے تک متاثرین کو دے دیئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جڑانوالہ کے دو گرجا گھروں کی تعمیر وبحالی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ دیگر گرجاگھروں کی مسیحی برادری کی مرضی کے مطابق جلد تعمیر وبحالی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد آپ کے دکھ میں برابرمیں شریک ہونا ہے ۔ متاثرہ لوگوں کو انصاف دلانے کا وعدہ پورا کریں گے ۔چرچ میں پاکستان کی سا لمیت، استحکام، ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اور ملک و قوم کے اتحاد و یکجہتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان ہرپاکستانی کا ہے ،مسلم،مسیحی،سکھ،ہندو سب ایک ہیں۔ہر مظلوم کے ساتھ ہیں،ظالم کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے ۔انہوں نے جڑانوالہ چرچ میں مسیحی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا وعدہ ہے انصاف ضرور ملے گا،پوری ٹیم انصاف دلوانے کیلئے کام کررہی ہے ۔دوچرچ 100فیصد بحال کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے مسیحی خاندانوں سے گفتگو کی اور ان کے مسائل سنے اورمتاثرین کے نقصانات کا جلد ازالہ کی یقین دہانی کرائی۔قبل ازیں انہوں نے زیر تعمیر اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا اورتعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ پراجیکٹ کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 15ستمبر تک منصوبے کو ہر صورت مکمل کیا جائے ۔انہوں نے یوٹرن کی ڈیزائننگ بہتر بنانے کی ہدایت کی اورکالج روڈ تا اکبر چوک ماڈل سڑک بنانے کا حکم دیا۔بعدازاں انہوں نے شمالی وزیرستان میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی اوردھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔علاوہ ازیں انہوں نے گورنمنٹ انڈس ہسپتال کاہنہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ کئی وارڈز میں اے سی بند، صفائی کے ناقص انتظامات، بیڈ شیٹس پر خون کے دھبے ،واش رومز کی ابتر حالت، پانی کی لیکج،ڈاکٹرز غائب،عملے کے ناروا سلوک سے مریض نالاں ،عملہ وارڈز میں داخل مریضوں کے ریکارڈ کے بارے میں غلط بیانی کرتا رہا ۔ مریضوں اور تیمارداروں نے ہسپتال عملے کے نا مناسب رویہ اور چیک اپ میں بلاجواز تاخیر کے بارے شکایات کے انبار لگا دئیے ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی ہسپتال نے صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کے ااورغلط بیانی پر عملے کی سرزنش کی۔انہوں نے موقع پرہی سیکرٹری صحت کو فون کیا اور ہسپتال کی صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔