2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑینگے :نوازشریف، سی پیک تعمیر کیلئے پر عزم: مریم

02-10-2024

لاہور (92 نیوز رپورٹ، آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے حکومت پنجاب کو عوامی ریلیف کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں نہ کبھی پہلے عوام کو تنہا چھوڑا اور نہ اب چھوڑیں گے ۔اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نواز شریف کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا ہے جس میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف کو جاری منصوبوں سے متعلق متعلقہ وزرا نے بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے صدر نے عوامی ریلیف کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مشکل وقت میں نہ کبھی پہلے عوام کو تنہا چھوڑا نہ اب چھوڑیں گے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب نے عوامی جمہوریہ چین کی 75ویں سالگرہ کے گولڈن ویک کے آغاز پر مبارکباد کا پیغام دیاہے ۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے اپنے پیغام میں چین کے عوام کو 75 ویں قومی دن پر خصوصی مبارکباد پیش کی اورصدر شی جن پنگ او ران کے رفقا کار کے لئے نیک تمناؤں کااظہا ر کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہاکہ پاک چین دوستی حکومت سے عوام کی سطح تک ناقابل تردید حقیقت ہے ۔چینی تعاون سے پاکستانی معیشت کی ترقی اور استحکام میں مدد مل رہی ہے ۔پاکستان اور چین سی پیک کی مشترکہ تعمیر کے لئے پر عزم ہیں ۔ چین نے عالمی سطح پر انسانی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے مشترکہ روشن مستقبل کی تعمیر کے ویژن کو فروغ دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بزرگ افراد کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کے لئے ایک سبق ہیں۔ بزرگوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے ، انکے لئے وہ آسانیاں پیدا کریں جس کے وہ مستحق ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے نابینا افراد کے احتجاج پر نوٹس لے لیا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے نابینا افرا د سے کسی قسم کی سختی نہ کرنیکا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو نابینا افراد سے بات چیت کرکے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے نابینا افراد کے تشدد سے زخمی پولیس اہلکاروں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ مزید برآں مریم نواز شریف نے شجاع آباد میں تیزاب گردی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور تیزاب گردی سے متاثرہ پندرہ سالہ نعمان کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی ہے ۔