معروف مبلغ ڈاکٹرذاکر نائیک کی اسلام آبادآمد اجتماعات سے خطاب کرینگے
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی،صباح نیوز) معروف مبلغ، اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے ، ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت کی خصوصی دعوت پر پاکستان آئے ہیں اور28 اکتوبرتک پاکستان میں قیام کریں گے ۔ گزشتہ روزاسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر ڈاکٹرذاکرنائیک کا چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخان، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور سید ڈاکٹر عطاالرحمن اور پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور شمشیر علی مزاری نے استقبال کیا، ایئرپورٹ پر موجود مسافروں نے بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیرمقدم کیا۔ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ایئرپورٹ سے سخت سکیورٹی میں اسلام آباد روانہ کیا گیا۔ڈاکٹرذاکرنائیک کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب اور اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ڈاکٹرذاکرنائیک نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب اور امامت بھی کریں گے ۔ڈاکٹر ذاکر نائیک 2 اکتوبربدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کا دورہ کریں گے ۔ادھرایکس پر جاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5 سے 6 اکتوبر کو کراچی، 12 سے 13 اکتوبر لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے ۔دریں اثناگزشتہ روزوزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری کردہ بیان کے مطابق رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ فکری تبادلے کے فروغ کیلئے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا دورہ پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی اسلامی بصیرت اعتماد اور یقین کو فروغ دیتی ہے ۔