مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنائے جانے پر اسحاق ڈار ناراض
لاہور ( رانامحمد عظیم) مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنانے اور بجٹ پیش کرانے پر اسحاق ڈار ناراض ، اسحاق ڈار کو یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ وزیر خزانہ کسی کو نہیں بنایا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے ن لیگ کی اہم ذمہ دار سے شکوہ کرتے ہوئے کہا میرے ساتھ یہ زیادتی ہے اور مجھے فارغ کرنے کی یہ سازش ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار سے یہ وعدہ کیا گیا تھا رانا افضل یا ہارون اختر خان بجٹ پیش کریں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے شریف خاندان کے اندر ہی ایک اہم شخصیت جو اسحاق ڈار کے ایک کام کی وجہ سے اس سے سخت نالاں تھیں اس شخصیت نے مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنوانے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ مفتاح اسمائیل کے حوالے سے واضح طور پر اسحاق ڈار اپنے اختلافات کا اظہار کر چکے تھے مگر شریف خاندان کی طرف سے انہیں خاموش رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے ن لیگ کے بہت سے اراکین اسمبلی مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنانے پر نارض ہیں اور اسی وجہ سے بجٹ اجلاس میں نہیں آئے ۔ ن لیگ کے اندر ایک بڑے حلقے نے کہا ہے مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنا کر منتخب پارلیمنٹرین کی نہ صرف توہین بلکہ نوازشریف کے اس نعرے اور نظریے اور بیانیے کہ ووٹ کو عزت دو کی نفی کی گئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے اسحاق ڈار اور ایک بڑا ناراض گروپ وقتی طور پر تو خاموش رہ سکتے ہیں مگر آنے والے وقت میں وہ اس پر کھل کر سامنے آ سکتے ہیں۔