مہنگائی 44 ماہ کی کم ترین سطح پر ، ترقی کا سفر جہاں رکا تھاوہیں سے پھر شروع ہوچکا: وزیر اعظم
اسلام آباد ،کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی جبکہ ستمبر میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) 6.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ستمبر میں مہنگائی وزارت خزانہ کی توقعات سے بھی کم رہی۔ ستمبر میں مہنگائی جنوری2021 کے بعد سب سے کم رہی، گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح فیصد6.9 ریکارڈ کی گئی جس کیساتھ اوسط مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں ریکارڈ کی گئی۔ اگست 2024 میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، اگست کے مقابلے ستمبر میں مہنگائی میں0.52 فیصد کمی ہوئی، جولائی تا ستمبرکی سہ ماہی میں اوسط مہنگائی9.19 فیصدریکارڈکی گئی۔ ستمبرمیں شہروں میں مہنگائی 0.53 اوردیہاتوں میں 0.50 فیصد کم ہوئی، ستمبر میں شہریوں میں مہنگائی کی شرح 9.29 فیصد رہی، گزشتہ ماہ دیہات میں مہنگائی کی شرح3.65 فیصد ریکارڈ کی گئی۔اگست 2024 میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد رہی جو پچھلے مہینے میں 11.1 فیصد تھی، یوں ماہانہ مہنگائی کی شرح 0.39 فیصد رہی جبکہ اگست2023 میں مہنگائی کی شرح 27.4 فیصدتھی۔ اگست میں شہروں میں مہنگائی 0.27 اوردیہاتوں میں 0.55 فیصد بڑھی جس کے بعد اگست میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 11.71 فیصد اور دیہات میں یہ شرح 6.73 فیصد ریکارڈ کی گئی۔اس طرح رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ جولائی اور اگست کے دوران اوسط مہنگائی ڈبل ڈیجٹ 10.36 فیصد رہی جو پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 27.84 فیصد تھی۔اس سے قبل آخری بار ملک میں مہنگائی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران اکتوبر 2021 میں سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کی گئی تھی اور پی ٹی آئی حکومت جانے کے بعد پہلی بار اب مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آئی ہے ۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے آئی ایم ایف پروگرام کے اجراسے معیشت میں مزید استحکام آئے گا، پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہوچکا۔وزیر اعظم نے مہنگائی کی ستمبر میں سالانہ شرح6.9 فیصد ہونے پر حکومتی معاشی ٹیم کی پذیرائی کی ۔اگست 2024 میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد پر آئی، ستمبر 2024 میں گزشتہ 44 ماہ میں مہنگائی کی کم ترین شرح 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کئے گئے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی،مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے ، شرح سود کم ہونے سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،مہنگائی کی شرح کو 2025 تک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024 میں ہی حصول قابل ستائش ہے ، پہلے دن سے عوامی ریلیف کیلئے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا، پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا،پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں، ملکی معیشت مستحکم،سفارتی تعلقات مضبوط اور عام آدمی کی خوشحالی کا سفر شروع ہوچکا۔