نرگس پر تشدد کی رپورٹ موصول،شوہر نے عبوری ضمانت کرا لی
لاہور (کر ائم رپورٹر،کلچرل رپورٹر) اداکارہ نرگس پر تشدد کی میڈیکل رپورٹ وصول ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق تشدد سے اداکارہ نرگس کے رخسار، ماتھے ، سر اور بازوؤں پر چوٹیں آئیں، تشدد سے دائیں آنکھ بھی متاثر ہوئی، اداکارہ کو کند آلے سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔واضح رہے کہ اداکارہ نرگس پر تشدد کے واقعہ کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج ہے ۔ مقدمے میں اداکارہ نے اپنے شوہر ماجد بشیر کو تشدد کا ذمہ دار قراردیا۔ دریں اثنا نامزد ملزم انسپکٹر ماجد بشیر نے عبوری ضمانت کروالی ہے ۔ عدالت نے 18 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کی۔ انسپکٹر ماجد بشیر نے کہا کہ میری اہلیہ باکردار عورت ہے ، جھگڑے ہر گھر میں ہوجاتے ہیں، یہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے ، کچھ لوگ اس واقعہ کو کردار کشی کیلئے استعمال کررہے ہیں، ان کیخلاف قانونی کارروائی کروں گا۔