2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

نوازشریف سالگرہ جیل میں منائیں گے یا گھر؟فیصلے کی گھڑیاں قریب آنے لگیں

22-12-2018

اسلام آباد (نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم نوازشریف سالگرہ جیل میں منائیں گے یا گھر۔ العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنسز کے فیصلے کی گھڑیاں قریب آنے لگیں۔ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نوازشریف کیخلاف ریفرنسز کا فیصلہ تحریر کرناشروع کردیا۔عدالتی عملے کی ہفتہ اوراتوار کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں اور حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد بھی جج ارشد ملک عدالت میں موجود رہے اور سٹاف کو بھی دیر تک رکنے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں احتساب عدالت میں نوازشریف کے وکلا نے یوکے لینڈ رجسٹری سے تصدیق شدہ ایک اور دستاویز ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا کی جسے منظور کر لیا گیا۔ دستاویز حسن نواز کی فروخت شدہ پراپرٹی سے متعلق ہیں۔پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کیس فیصلے کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے اور یہ نئی دستاویز لے کر آگئے ۔ ایک سال اور 3 ماہ تک انہوں نے دستاویزات پیش نہیں کیں۔ نواز شریف کے وکلا نے عدالت سے فیصلے کا دن بدلنے کی بھی استدعا کردی۔ وکلا کا کہنا تھا کہ فیصلہ نواز شریف کی سالگرہ (25 دسمبر) کے بعد سنایا جائے اور فیصلے کی تاریخ 24 سے تبدیل کر کے 26دسمبر رکھ دیں۔ جج ارشد ملک نے کہا کہ پوری کوشش ہے فیصلہ 24دسمبر کو ہی سنائوں۔اگر فیصلہ لکھا نہ جاسکا تو تاریخ تبدیل کر دیں گے ۔ دریں اثناء 24دسمبربروز پیر کو احتساب عدالت کی سپیشل سکیورٹی کیلئے بھی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر اسلام آبادعدالت کو سکیورٹی اقدامات سے متعلق آگاہ کریں گے ۔ احتساب عدالت کے جج کے گھر کی سکیورٹی بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیاہے ۔ علاوہ ازیں نوازشریف فیصلہ سننے خود عدالت جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق سینئرلیگی رہنما بھی نوازشریف کے ساتھ ہوں گے جبکہ لیگی کارکنان بھی اظہاریکجہتی کیلئے احتساب عدالت جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی طرف سے لیگی کارکنوں کو احتساب عدالت پہنچنے کی کوئی کال نہیں دی گئی۔