نوازشریف کل 69برس کے ہو جائیں گے
کراچی (سٹاف رپورٹر)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف 25دسمبر کو 69برس کے ہو جائیں گے ۔نوازشریف کی جانب سے ان کی سالگرہ نہ منانے کی ہدایت کے بعد سندھ میں مسلم لیگ ن نے سالگرہ تقاریب منسوخ کردیں۔ میاں نواز شریف 25دسمبر1949 کولاہورمیں پیدا ہوئے ۔وہ 6نومبر 1990 سے 18اپریل 1993 تک پہلی مرتبہ وزیراعظم بنے ۔ دوسری مرتبہ12ویں وزیر اعظم کے طور پر17فروری 1997 سے 12اکتوبر 1999 تک مسند اقتدار پر فائزرہے جبکہ 11 مئی 2013 کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد ایک بارپھر انہیں وزیراعظم منتخب ہونے کا اعزازحاصل ہوا تاہم پانامہ کیس میں عدالتی فیصلے کے نتیجے میں انہیں نااہل قرار دید یاگیا۔