نوجوانو ں کو اعلی تعلیم ، بہترین روز گار دینا چاہتے ہیں:مریم نواز؛ ہونہارسکالرشپ پروگرام رجسٹریشن شروع
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے کہ نوجوانو ں کو اعلی تعلیم ، بہترین روز گار دینا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہونہار سکالر شپ پروگرام کی رجسٹریشن شروع کرنے کے موقع پر کہی۔انہوں نے کہا کہ عالمی جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 68ڈسپلنز میں سالانہ 30ہزارطلبہ ،50پبلک سیکٹر یونیورسٹیز،16میڈیکل کالجز اور131گریجوایٹ کالجز کے طلبہ کو ہونہار سکالر شپ دیا جائے گا۔ہونہار سکالر شپ لمز، فاسٹ،کامسٹ، نسٹ،غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ اور 7مزید ٹاپ پرائیویٹ یونیورسٹیز کے طلبہ کو دیا جائے گا۔8سال میں 130ارب روپے کے وظائف فراہم کئے جائیں گے ۔آئندہ 4سالوں میں ایک لاکھ 20ہزار طلبہ مستفید ہوں گے ۔طلبہ آ ن لائن اپلائی کر سکتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہونہار سکالرشپ پروگرام کاآغاز اہم سنگ میل ہے ۔ ہونہار سکالرشپ نوجوانوں کے اعلی تعلیم کے خواب پورے کرے گا۔دریں اثنا انہوں نے سرگودھا میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور اس کے نجی گارڈ کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔