نچلے طبقے کو اوپر لایا جائیگا پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے : وزیراعظم
اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، این این آئی ، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے ۔ ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں نچلے طبقے کو اوپر لایا جائے گا۔ اﷲ تعالی نے ہمیں قدرتی و معدنی وسائل سے مالامال کیا ہے ، بدقسمتی سے ماضی میں ملک کی ترقی اور وسائل کو بروئے کار لانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی ۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے پر عزم ہے ، جنوبی پنجاب کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے نظریے پر 2018ء کے الیکشن میں بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ، انشااﷲ جنوبی پنجاب ایک ترقی یافتہ خطہ بنے گا ۔ ملاقات میں ممبران قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے وزیراعظم آفس میں پبلک افیئرز ونگ کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو صوبوں سے بھی مستقل رابطے میں ہوگا۔ ملاقات میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژنل سطح پر ممبران قومی اسمبلی کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جوعوامی مسائل کا مقامی قیادت کی مشاورت اور صوبائی حکومت کے تعاون سے حل یقینی بنائے گی ۔ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، زرتاج گل ،محمد شبیر علی قریشی ، مخدوم باسط بخاری ، عامر طلال گوپنگ، عبدالمجید خان نیازی ،نیاز احمد جکھڑ، خواجہ شیراز محمود ، محمد امجد فاروق خان کھوسہ ، سردار محمد خان لغاری ، سردار محمد جعفر خان لغاری ، سردار نصراﷲ خان دریشک اور سردار ریاض محمود خان مزاری شامل تھے ۔ممبران قومی اسمبلی نے کہا جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے اور وہاں ترقی و خوشحالی کا سفر شروع کرنے کے لیے جو وژن وزیراعظم نے دیا ہے پہلے کسی حکومت نے نہیں دیا جس کے لیے ہم وزیراعظم کے تہہ دل سے مشکور ہیں ۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں انتظامی خودمختاری کے امور کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا حکومت عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے اور عوام میں حکومت کے اصلاحاتی و تبدیلی کے ایجنڈے کو نمایاں کرنے کے لئے ہر ممکنہ معاونت اور وسائل فراہم کرے گی ۔ وزیر اعظم نے وزارت اطلاعات کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وزارت اطلاعات کو میڈیا سے متعلق تمام امور میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے ۔وزیر اعظم نے کہا موجودہ حکومت نے اظہار کی آزادی میں مکمل طور پر یقین رکھتی ہے ۔ حکومت اپنے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھانے کے لئے میڈیا کو ہر ممکن انداز سہولت فراہم کرے گی۔