نیویارک:یواین دفتر کے سامنے کشمیریوں کا بھارت کیخلاف احتجاج
سرینگر ،نیویارک(این این آئی) امریکہ میں مقیم کشمیریوں اوران کے دوستوں نے جموں وکشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں خواتین اوربچے بھی شامل تھے ، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے جن پر’’ کشمیر میں الیکشن صرف ایک دھوکہ ہے ‘‘ اور ’’بھارت کی جمہوریت جعلی ہے ‘‘جیسے نعرے درج تھے ۔ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ مودی انتظامیہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے ۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رکھا،مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مزید23 کشمیری ملازمین کو معطل کر دیا یہ کارروائیاں کشمیریوں کو دبانے کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ ہیں جنہیں ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت سے محروم رکھا گیا ہے ۔علاوہ ازیں بی جے پی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ایک اور کشمیری کی جائیداد ضبط کر لی پولیس نے سوشل میڈیا پوسٹ پر 3نوجوانوں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کر لیا،کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضبط کی گئی جائیداد میں بلال احمد لون کا دو منزلہ رہائشی مکان اور 16مرلہ اراضی شامل ہے جسے ضلع کے علاقے نہامہ میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون’’ یواے پی اے ‘‘ کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔