ورلڈ کپ 2019: آئی سی سی کاحتمی شیڈول جاری
لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ 2019 کے حتمی شیڈول کا اعلان کردیا۔ایونٹ کا افتتاحی میچ 30مئی کو میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور بھارت 16جون کو مدمقابل ہوں گے ۔ورلڈ کپ 2019 لارڈز سمیت انگلینڈ کے 11 مقامات پر 30مئی سے 14 جولائی تک کھیلا جائے گا جہاں 46دن میں کْل 48 میچز کھیلے جائیں گے ۔پاکستان اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف اکتیس مئی کو کھیلے گا اور ابتداء راؤنڈ میں قومی ٹیم نو میچ کھیلے گی۔ انگلینڈ کے جو 11 مقامات ان میچز کی میزبانی کریں گے ان میں ٹرینٹ برج، اوول، ایجبسٹن، ہیڈنگلے ، اولڈ ٹریفورڈ، ٹانٹن، برسٹل، چیسٹر لی اسٹریٹ، ساؤتھ ہیمپٹن، کارڈف اور لارڈز شامل ہیں۔ یہ ورلڈ کپ 1992 کے ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ روبن کی طرز پر کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم ایونٹ میں موجود تمام ٹیموں سے میچز کھیلے گی اور ایونٹ کی 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔