2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

وزیراعظم کی ملک بھر میں سرکاری طورپر کرسمس تقاریب کے انعقاد کی ہدایت

15-12-2018

لاہور(قاضی ندیم اقبال سے )قومی پرچم میں سفید رنگ کی توقیراور اقوام عالم میں بین المذاہب ہم آہنگی کا درس دینے جیسے مقاصد کے حصول کی غرض سے پنجاب سمیت ملک بھر میں مسیحی عوام کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے سرکاری طورپر ’’کرسمس تقاریب‘‘ کا اہتمام کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ۔تقاریب میں مسیحیوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے جید افراد کو بھی مدعو کیا جائیگا،اس ضمن میں متوقع طور پر لاہور میں منعقدہ تقریب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور یا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار میں سے ایک بطور مہمان خصوصی شریک ہونگے ،انتہائی معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں وزارت داخلہ نے پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے چیف سیکر ٹریز کے نام مراسلہ بھجواتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں کرسمس 2018کا تہوار منانے کا اہتمام کیا جائے اور اس ضمن میں مسیحی عوام کے علاوہ ان کے مذہبی پیشواؤں کو سرکاری طور پر ہونے والی تقاریب میں بھی مدعو کیا جائے تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا حقیقی معنوں میں ’’اقلیت نواز اور بین المذاہب ہم آہنگی ‘‘ کی حامل مملکت کا تشخص ابھر سکے ، ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لاہور میں ’’کرسمس تقریب 2018 ‘‘ میں شریک ہونے والے متوقع معزز مہمانوں کی فہرست کو فائنل کرنے سے لے کر تقریب کے انعقاد کے حوالے سے تمام معاملات کو متعدد اہم شخصیات پر مشتمل کمیٹی فائنل کرے گی،اس ضمن میں صوبائی ادارہ ہیومن رائٹس کا رول انتہائی متحرک اور اہم ہے ، تقریب میں نہ صرف تمام مسالک کے علما اور دیگر غیر مذاہب کی جید شخصیات مل کرکرسمس کیک بھی کاٹیں گی۔