وفاداریاں تبدیل ہونیکا خدشہ، حکومتی ارکان اسمبلی کی مانیٹرنگ
لاہور(خصوصی رپورٹر )اقتدار کے آخری دنوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایوان وزیر اعلیٰ کے آدھے سے زیا دہ سٹاف کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی کی خد مت کیلئے پنجاب اسمبلی شفٹ کر دیا ہے ۔ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے 6ڈپٹی سیکرٹری اور دیگر سٹاف موجود رہا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایوان وزیر اعلیٰ کے سٹاف سے بعض حکومتی ارکان اسمبلی کی مانیٹرنگ بھی کرائی جا رہی ہے ۔ ہر ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈویژن کے ارکان اسمبلی کے سیا سی معاملات اور رابطوں کا خیال رکھیں ۔ خاص کر ایسے ارکان اسمبلی جن کے بارے میں خدشات ہیں کہ وہ وفاداریاں تبدیل کر سکتے ہیں ، انکی خصوصی طور پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔