پارلیمنٹ ہائوس، نوازشریف کی زیرصدارت ن لیگ کا اجلاس
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں قائد حزب اختلاف کے چیمبر میں ہوا۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، رانا تنویر، میاں جاوید لطیف، مریم اورنگزیب، مشاہد حسین سید، سردار ایاز صادق سمیت پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں پارٹی کو فعال کرنے کے حوالے سے نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سپیکر کی جانب سے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کے اجرا اور اس حوالے سے پارٹی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا نیب کا پردہ عوام کے سامنے چاک ہوچکا، اب عوام کی آواز پر کان دھرنا ہوگا۔انہوں نے کہا موجودہ حکومت میں ملک کو سنبھالنے کی اہلیت نہیں، اس وقت سب سے بڑا چیلنج معیشت کا ہے ، موجودہ حکومت نے 100 روز میں ہی معیشت کا برا حال کردیا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو کارکنان سے روابط بڑھانے اور انہیں فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔قبل ازیں نواز شریف شہباز شریف سے ملاقات کیلئے منسٹر انکلیو پہنچے جبکہ پارٹی کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) نے 30 دسمبر کو یومِ تاسیس بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق کنونشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس سے نواز شریف خطاب کریں گے ۔کنونشن میں مریم نواز بھی شرکت کریں گی تاہم ان کے خطاب کرنے سے متعلق تصدیق نہیں کی جاسکی۔