پاکستان،عمان کاانتہاپسندی،فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے تعاون بڑھانے پراتفاق
عمان (اے پی پی)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کو بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کے ذریعے دنیا میں مذہبی ہم آہنگی، امن اور برداشت کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے ۔گزشتہ روز عمان کے وزیر اوقاف و مذہبی امور محمد بن سعید بن خلفان المامری کے ساتھ گفتگو میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ آج مسلم ممالک جن چیلنجزاور حالات سے گزررہے ہیں اس میں عالم اسلام کو اتحاد و وحدت کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں قیام امن کیلئے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اشد ضرورت ہے ۔دونوں رہنماؤں نے دنیا میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رحجان، دہشت گردی، فرقہ واریت کے خاتمے ، قیام امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ برداشت اور احترام کا رویہ اسلام کی تعلیمات کالازمی جزو ہے ، ملاقات میں انتہاپسندی و شدت پسندی کے خاتمے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر ایک دوسرے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ چوہدری سالک حسین نے عمان کی حکومت کی سکیورٹی فورسز کی کوششوں کی تعریف کی جنہوں نے رواں سال جولائی میں مسقط میں مسجد پر حملے کے بعد مؤثر جواب دیا۔ ملاقات میں چوہدری سالک حسین نے علماء اور مذہبی ماہرین کے تبادلے کیلئے اقدامات اور اسلامی تعلیمات کی گہرائی سے سمجھ بوجھ کے لیے اہم مذہبی موضوعات پر مشترکہ کانفرنسوں/سیمینارز کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔دونوں فریقین نے عصری اسلامی تعلیمات کے مطابق مدارس کے نصاب کو بہتر بنانے کے ممکنہ تعاون پر بھی اتفاق کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے مذہبی اداروں میں شریعت، قرآن کی تعلیمات اور اسلامی تاریخ کے مطالعہ کیلئے طلباء کے تبادلے کے پروگرام قائم کرنے کی تجویز دی۔