2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ مثالی جرات سے لڑی: نوازشریف

17-12-2018

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی ) مسلم لیگ ن کے قائد وسابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ مثالی جرات،عزم اور ہمت سے لڑی اور دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں،ہماری عظیم قربانیوں کی وجہ سے ہی امن کی روشنی چارسو پھیلی۔گزشتہ روز سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ 16دسمبر کا دن دہشتگردی، پاکستان کی سالمیت، دفاع اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تجدید عہد کا دن ہے ۔ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کا دکھ آج بھی پوری قوم کے دل میں تازہ ہے ۔اس افسوسناک واقعہ کے نتیجہ میں جن ماؤ ں کی گود اجڑی پوری قوم انکے غم میں شریک ہے ۔ پاکستان کے اصل ہیروز شہدا،انکی مائیں، بیویاں ، بچے اور انکے دیگر اہلخانہ ہیں۔ شہدا نے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں دیں۔مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ہمارے دور حکومت میں دہشتگردی کیخلاف بننے والی حکمت عملی پر بھرپور عملدرآمد کرایا۔دریں اثنا مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ 2014میں ہونیوالے سانحہ کا غم آج بھی قوم کے دل میں زندہ ہے ۔معصوم بچوں کا لہو بہاکر ظلم وبربریت کا سفاک باب لکھاگیا۔تاہم نوازشریف کی قیادت میں پوری قوم، سیاسی وعسکری قیادت نے دہشتگردی کیخلاف تاریخی فیصلہ کیا۔ ہماری جدوجہد آج بھی جاری ہے ، شہداکی قربانیوں سے پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوا۔مسلح افواج، رینجرز، پولیس، قانون نافذ کرنیوالے تمام اداروں کو خراج تحسین اور اے پی ایس سمیت تمام شہداکے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔