2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

پاکستان نے مقامی وسائل سے تیار 2 سیٹلائٹس خلا میں بھیج دئیے

10-07-2018

اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان نے جی پی ایس اور جی آئی ایس ٹیکنالوجی سے لیس اپنے دو سیٹلائٹس مدار میں بھجوا ئے ہیں۔یہ سیٹلائیٹس لینڈ میپنگ،زراعت و ماحولیات کے ساتھ ساتھ شہری اور دیہی علاقوں کی منصوبہ بندی جیسے مقاصد کے لئے درکار تصویری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دیں گے ۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ -ون( پی ایس ایس آر 1) پیر کو صبح 8بجکر 57منٹ پر چین کے جیوکوان سیٹلائیٹ سینٹر سے لانچ کیا گیا ۔12سو کلوگرام وزنی یہ سیٹلائیٹ 640کلومیٹر کی بلندی پر آپریٹ کریگا ۔پاکستان ٹیکنالوجی ایویلویشن سیٹلائیٹ (پاک ٹیس1A-)بھی پی آر ایس ایس ون کے ساتھ لانچ کیا گیا ہے ،یہ سیٹلائٹ مقامی طور پر سپارکو کے انجینئرز نے ڈیزائن اور تیار کیا ہے ۔یہ سیٹلائٹ 285کلو گرام وزنی ہے اور یہ 610کلومیٹر کی بلندی پر آپریٹ کریگا، ان دو نئے سیٹلائٹس کے لانچ ہونے سے پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبہ میں تعاون مزید مضبوط ہوا ہے ۔ان سیٹلائٹس کی تیاری سے پاکستان کا کمرشل انحصار انتہائی کم ہو جائے گا اور ڈیٹا کلیکشن، پلاننگ اور ریسورس مینجمنٹ بہتر ہوگی۔دریں اثنا صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی اور سپارکو کے سائنسدانوں اور انجینئرز کی فنی مہارت اور انتھک کوششوں کی تعریف کی ۔وزیراعظم نے کہا ہمارے سائنسدان اور انجینئرز قوم او ر ملک کا فخر ہیں ۔