پنجاب :انٹر میڈیٹ پارٹ ون نتائج، لڑکیاں پھر بازی لے گئیں، لاہور میں77ہزار فیل
لاہور،راولپنڈی،گوجرانوالہ،فیصل آباد (کامرس رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے انٹر میڈیٹ پارٹ ون کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔ لاہور میں انٹرمیڈیٹ سکول سالانہ امتحان پارٹ ون 2024 میں 1 لاکھ 62 ہزار 684 امیدواران نے شرکت کی جس میں 84 ہزار 785 امیدوارن کامیاب ہوئے ۔ گزشتہ روز لاہور تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے انٹرمیڈیٹ سکول سالانہ امتحان پارٹ ون 2024 کے نتائج کے حوالے تقریب منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نزیر کی موجودگی میں کنٹرولر امتحانات محمد زاہد میاں نے رزلٹ کا اعلان کیا۔ مجموعی نتائج میں لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیاں آگے رہیں۔لاہور بورڈ کے مجموعی نتائج 52.12فیصد رہے ، گزشتہ سال فرسٹ ائیر کا رزلٹ 57 تھا۔پری میڈیکل میں 35397 امیدواروں نے اپلائی کیا 62.93 فیصد نتائج رہا،پری انجینئرنگ میں 5590 پاس ہوئے نتیجہ 68.05 فیصد رہا۔آرٹس گروپ 53 ہزار 996 طالب علم پاس ہوئے کامیابی کا تناسب 43.54 فیصد رہا ۔جنرل سائنس میں 53 ہزار 436 میں سے 27ہزار 563 طالب علم پاس ہوئے کامیابی کا تناسب 51.58 فیصد رہا۔کامرس گروپ میں 6337 بچے پاس ہوئے نتائج 62 فیصد رہا۔گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ میں ایک لاکھ31ہزار397امیدواروں نے شرکت کی۔امتحانات میں68ہزار71امیدوارکامیاب ،63ہزار326 امیدوارفیل قرار پائے ،کامیابی کا تناسب51فیصد رہا۔ساہیوال بورڈ میں39ہزار855طلبا نے امتحان دیا ،کامیابی کا تناسب 51فیصد رہا۔فیصل آباد تعلیمی بورڈ میں98ہزار834 امیدواروں نے حصہ لیا،63ہزار806 پاس ہوئے ،کامیابی کا تناسب 64.56 فیصدرہا۔ملتان بورڈ میں68ہزار 674امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا،37ہزار814 امیدوار امتحانات میں پاس ہوئے ،امتحانات میں کامیابی کی شرح55فیصد رہا۔علاوازیں راولپنڈی انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے انٹر میڈیٹ پارٹ I (گیارہویں) کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے نتائج کے اعلان کے موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان، سیکرٹری بورڈ پروفیسر آصف حسین، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان اور بورڈ افسران بھی موجود تھے بورڈ کی طرف اعلان کردہ نتائج کے مطابق امتحان میں 61104 اْمیدواروں نے داخلہ بھجوایا جبکہ 59710 اْمیدوار شاملِ امتحان ہوئے جن میں سے 23906 اْمیدوار کامیاب ہوئے جن کی کامیابی کا تناسب 40.04رہا اس طرح 35804 اْمیدوار ناکام قرار پائے جبکہ 1319اْمیدوار غیر حاضر رہے ۔