پٹرول 2.07 ، ہائی سپیڈ ڈیزل 3.40، مٹی کا تیل 3.57روپے سستا : ایل پی جی 7روپے 31 پیسے مہنگی
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی ) حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 2.07روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.40روپے فی لیٹرکمی کااعلان کردیاہے ۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15دن کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے ۔لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.03روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.57روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے ۔ پٹرول کی نئی قیمت249.10روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 247.03روپے فی لیٹر ، ڈیزل کی نئی قیمت 249.69روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 246.29روپے ،مٹی کے تیل کی قیمت 158.47روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 154.90روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 141.93روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 140.90روپے فی لیٹر ہو گئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگیاہے ۔ دوسری طرف ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 7روپے 31 پیسے کا بڑا اضافہ، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ایل پی جی کی نئی قیمت 251 روپے 30 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2965 روپے ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق 11 اعشاریہ 8 کلو گرام کا گھریلو سلنڈر 86 روپے 28 پیسے مہنگا کر دیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ ستمبر میں گھریلو سلنڈر کی قیمت2879 روپے مقرر کی گئی تھی