پی ٹی آئی کا احسن اقبال،سعدرفیق کیخلاف بھی عدالت جانیکا اعلان
اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے اقامہ رکھنے پروزیر داخلہ احسن اقبال اورپیراگون سوسائٹی میں شیئرز ظاہر نہ کرنے پروزیر ریلوے سعد رفیق کے خلاف بھی عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہایہ دونوں نا اہل قرار پائیں گے ۔خواجہ آصف کی نا اہلی پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہاعثمان ڈار نے خواجہ آصف کو بتادیا کہ شرم وحیا کیا ہوتی ہے ، فیصلہ عوام اور تحریک انصاف کی بہت بڑی کامیابی ہے اور اس سے ہمارے 29 اپریل کے جلسے کو نئی تحریک مل گئی،سیالکوٹ کے لوگوں کو ایک عرصے بعد خواجہ آصف سے نجات ملی ہے ، خواجہ آصف کی ڈی پی لگانے پرمریم نواز کومبارکباد دیتا ہوں،مریم نواز نے نہال ہاشمی کی بھی ڈی پی لگائی تھی،اب دیکھتے ہیں خواجہ آصف ٹریکٹر یاٹرالی پر سیالکوٹ جاتے ہیں۔ادھر تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نے اگلے ہفتے احسن اقبال کیخلاف اقامہ رکھنے پرعدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کیس کی تیاری کرلی، دواقاموں پر فیصلے کے بعد اب احسن اقبال کی باری ہے ،وزیر داخلہ خود مستعفی ہوجائیں،انہوں نے سعودی عرب کااقامہ لیااورنوکری کی۔