پی ٹی آئی کی ایک اور 9 مئی جیسی بغاوت ناکام بنا دی گئی : عظمیٰ بخاری
لاہور (سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی ایک اور 9 مئی جیسی بغاوت ناکام بنا دی گئی ہے ۔ جو لوگ انقلاب لانے کے لئے نکلے تھے جوتے چھوڑ کر بھاگ گئے ۔ میں پنجاب کے عوام کو سلام پیش کرتی ہوں جس نے تحریک فساد کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔ وفاقی اور پنجاب حکومت کی بہترین سٹریٹجی سے بلوائیوں کی بغاوت ناکام بنائی گئی۔ خیبر پختونخواہ کے سرکاری وسائل اور سرکاری ملازمین کے ذریعے فیڈریشن پر یلغار کی گئی۔ احتجاج میں خیبرپختونخوا کی پولیس کے اہلکاروں اور افغان شہریوں کی شرکت باعث تشویش اور تحقیق طلب ہے ۔ ا جس کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے ہیں وہ قوم کے بچوں کو ریاست کے خلاف استعمال کر رہا ہے ۔ مجھے افسوس ہے ان والدین پر جو اپنے بچوں کو اس فتنے کی سیاست کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔ کیا خیبر پختونخواہ کے لوگوں کی قسمت میں دھرنے ،جلسے اور مار دھاڑ ہی باقی رہ گئے ہیں؟جو بہترین معیار زندگی کی سہولیات پنجاب کے لوگوں کو مل رہی وہی سہولیات کے پی کے عوام کا بھی حق ہیں،انہیں بھی ملنی چاہئیں ۔