2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

چیف جسٹس کی ہدایت پر پہلے فوجداری کیسز کی سماعت

05-11-2024

اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی ہدایت پرپہلے فوجداری کیسز سنے گئے ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 2رکنی بینچ نے کیسز کی سماعت کی، چیف جسٹس نے کورٹ ایسوسی ایٹ کو کہاپولیس افسران کمرہ عدالت میں موجودہیں، انہوں نے واپس جانا ہے ، اس لئے فوجداری کیسز پہلے سماعت کے لئے لگائیں، اس کے بعد پہلے تمام فوجداری کیسز سنے گئے جس کے بعد دیگر کیسز سول نوعیت کے کیسز کی سماعت کی گئی۔ سینئر وکیل شیخ احسن الدین نے کہامیرا30ویں نمبر پر کیس لگا، اسے واپس لینا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا آپ جائیں جب کیس کی آواز لگائی جائے گی تو ہم اس کو واپس لینے کی بنیاد پر نمٹادیں گے ۔بینچ نے عدنان ظفر خواجہ کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج ، چائلڈپروٹیکشن کورٹ، لاہور اوردیگر کے خلاف بچے کی تحویل کے معاملہ پردائر درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس نے کہا بچوں کی تحویل کامعاملہ فیملی اورگارڈین عدالت پر چھوڑ دیں، یہ معاملہ ہائی کورٹ اورسپریم کورٹ نہیں آنا چاہیئے ،اس حوالہ سے سپریم کورٹ کے بہت سے فیصلے ہیں،عدالت نے قتل کیس میں گرفتار ملزم کاٹرائل مکمل نہ ہونے کے حوالہ سے ٹرائل کورٹ سے 10روزمیں رپورٹ طلب کرلی، بینچ نے 90منٹ میں 40کیسز کی سماعت مکمل کرلی۔ بینچ نے عبدالعزیز کی ریاست پاکستان کے خلاف دائر ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹادی۔ بینچ نے عظیم خالد مرزا کی ریاست پاکستان کے خلاف دائر ضمانت بعد ازگرفتاری نمٹاتے ہوئے ٹرائل کورٹ کوہدایت کی وہ بدنیتی کے معاملہ کودیکھنے کے بعد درخواست گزار کی درخواست ضمانت پر دوبارہ فیصلہ کرے ۔بینچ نے ارشد محمود کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اوردیگر کے توسط سے ریاست پاکستان کے خلاف دائردرخواست ضمانت بعد ازگرفتاری پر سماعت کی۔ چیف جسٹس کا درخواست گزار کے وکیل محمد فیصل ملک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہناتھا آپ کاسرال والوں سے جھگڑا ہے ،ساس ، سسر کااحترام کریں، ان کے پاس جاکرمعاملہ حل کریں، بڑوں سے معافی مانگیں،عدالت نے مدعا علیہان کونوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 2ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔ بینچ نے آئس برآمدگی کیس میں گرفتار ملزم عبداللطیف کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری سننے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کیس سماعت کے لئے دوسرے بینچ میں مقررکیا جائے ۔ بینچ نے ایڈن ڈویلپرز پرائیویٹ (لمیٹڈ)، لاہور کی جانب سے ملک طارق صدیق کھوکھر اوردیگرکے خلاف دائر درخواست پرمدعا علیہان کونوٹس جاری کردیا۔ بینچ نے قتل کیس میں گرفتار نابالغ ملزم عمران کیضمانت بعداز گرفتاری پرٹرائل کورٹ سے 10روز میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ا س کے بعد مقررکرنے کی ہدایت کیردی۔ بینچ نے بینک سے جعلی دستاویزات بنواکر قرض نکلوانے کے کیس میں گرفتار ملزم سکندر حیات کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر نوٹس جاری کردیئے ۔