2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

چین کی پاکستان میں آئل ریفائنری بنانے ،تیل، گیس پائپ لائنز بچھانے کی پیشکش

11-09-2018

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی،آئی این پی) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے چینی سفیر یائو جنگ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں سی پیک کے مختلف پہلوئوں، دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر پٹرولیم غلام سرور سے چینی سفیر کی ملاقات کے بعد جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق چین نے پاکستان میں سی پیک کے تحت آئل ریفائنری بنانے کی پیشکش کی ہے ۔ چینی سفیر نے پاکستان میں تیل اور گیس کی بڑی پائپ لائنز بچھانے کی بھی پیشکش کی۔ چینی سفیر نے کہاکہ سی پیک منصوبوں میں بلوچستان ترجیح ہے ۔ ملاقات میں سی پیک کے تحت تیل گیس کی تلاش ، پیٹرولیم ٹرانسپورٹیشن اور پروسینگ پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈپٹی سپیکر سے چینی سفیر کی ملاقات کے دوران ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین مثالی دوستی ہے جو ہر آزمائش پر پوری اتری ہے ، سی پیک منصوبہ پورے خطہ کیلئے گیم چیلنجز کی حیثیت رکھتا ہے ، منصوبے سے خطہ میں معاشی سر گرمیوں میں اضافہ ہو گا اور روز گار کے موقع پیدا ہوں گے ۔قاسم خان سوری نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اپنے ایجنڈے کو مکمل کرنے کیلئے چین جیسے بااعتماد اور مخلص دوست ممالک کا تعاون درکار ہے ۔ چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والے سٹرٹیجک شراکت دار ہیں،بلوچستان سے پسماندگی کا خاتمہ ،اسکی تعمیر و ترقی چین کی تر جیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے ڈپٹی سپیکر کو پاکستا ن میں ٹیکنالوجی، توانائی کے متبادل ذرائع اور دیگر شعبوں میں تعاون کو جاری رکھنے کا یقین دلایا۔