کلدیپ نیئر : بہتر رشتوں کا نقیب چلا گیا …(2)
افتخار گیلانی
ایک طرح سے کلدیپ نیئر کی صحافت کا آغاز انجام سے ہوا۔ ڈیڑھ سال وہاں کام کرنے کے بعد پرانی دہلی میں ہی ایک دوسرے اخبار وحدت کی ادارت میں چلے گئے۔ اسی دوران آفس سے متصل ایک کٹیا نما کمرے میں وہ ایک بزرگ شخص کو کھانستے ہوئے دیکھ کر دق ہوتے تھے اور غصہ بھی ہوتے تھے کہ یہ شخص اپنا علاج کیوں نہیں کراتا ہے۔ اس کٹیا میں کتابوں کا انبار بھی لگا ہو ا تھا۔ معلوم ہوا کہ دمہ کے مریض یہ بزرگ کوئی اور نہیں بلکہ مولانا حسرت موہانی ہیں۔ وہ آئین ساز اسمبلی کے رکن بھی تھے۔ آناجانا شروع ہوا۔ ایک دن مولانا نے کہا کہ اردو صحافت کا مستقبل بھارت میں مخدوش ہے ۔مشورہ دیا کہ انگریزی میں قسمت آزمائی کرو اورفی الحال ولایت جاکر صحافت کی پڑھائی کرو۔ خاندان والے دہلی آچکے تھے، مگر وہ سیالکوٹ کے ٹھاٹ بھاٹ کہاں، بعض آباد کاری کے دشوار کن مرحلے سے گذر رہے تھے۔ مولانا نے امریکہ جانے کیلئے نہ صرف ان کو خرچہ دیا بلکہ نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی میں ایڈمیشن کیلئے اسکالرشپ حاصل کروانے میں بھی مدد کی۔ جرنلزم میں ماسٹر کی ڈگری لیکر جب نیئر لوٹے تو مولانا کا انتقال ہوچکا تھا۔ انگریز ی او ر ولایت کا ٹھپہ لگتے ہی ان کو ہاتھوں ہاتھ لیا گیا۔پہلے پلاننگ کمیشن بعد میں وہ وزیر ریلوے لال بہادر شاستری کے پریس آفیسر مقرر ہوئے ۔ جب شاستری وزیر اعظم بنے تو ان کو بھی وزارت عظمیٰ آفس ساتھ لیکر گئے۔ 1961ء میں پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مقابل ایک نئی نیوز ایجنسی یونائٹڈ نیوز آف انڈیا یعنی یو این آئی کا قیام عمل میں آیا تو اسکے بانی چیف ایڈیٹر و جنرل منیجر مقرر ہوئے۔ بعد میں اس وقت کے صف اول کے انگریزی اخبار اسٹیٹسمین کے دہلی ایڈیشن کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر اور پھر لمبے عرصے تک انڈین ایکسپریس کے چیف ایڈیٹر رہے۔ 1975ء میں وزیر اعظم اندرا گاندھی نے جب ملک میں ایمرجنسی نافذ کی تو پریس کلب آف انڈیا میں سینہ تان مقابلہ کرنے کیلئے کھڑے ہوگئے اور جیل چلے گئے۔ سیالکوٹ کی یادیں ابھی ذہن سے محو نہیں ہوئی تھیں۔ اکثر محفلوں میں تہاڑ جیل میں گزرے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہتے تھے کہ رہائی سے ہفتہ بھر قبل خواب میں سیالکوٹ کا گھر اور ایک نورانی صورت نظر آتی تھی۔ ’وہ میرا ہاتھ پکڑنے کی کوشش کرتے تھے اور اسی کشمکش میں جیل میں گنتی کیلئے آواز لگتی تھی۔ چند روز بعد رہائی کا پروانہ آگیا۔ گھر پر جب یہ واقعہ سنایا ، تو والدہ نے کہا کہ سیالکوٹ میں ان کے گھر کے پچھواڑے میں ایک پیر صاحب کی قبر تھی وہ اسکی صفائی ستھرائی کا خیال رکھتی تھی۔اور کچھ اسی طرح کا خواب وہ بھی کئی روز سے دیکھ رہی ہے۔ اب وہ وہاں جانے کیلئے مصر تھی۔ــمگر 1980ء میں ان کا انتقال ہوگیا۔‘‘ چند ماہ بعد دونوں حکومتوں کی رضامندی سے کلدیپ نیئر کو پاکستان جانے کی راہداری ملی۔ لاہور سے ٹرین میں سیالکوٹ کے تین گھنٹے کے سفر میں یادیںاس سے دوگنی رفتار سے گڈمڈ ہورہی تھیں۔ ریلوے اسٹیشن سے باہر آتے ہی ،مانوس فضا، لاریوں اور ٹانگوں کی قطاریں، وہی سڑکیں نظر آرہی تھیں۔ اس واقعہ کو یاد کرتے ہوئے وہ کہتے تھے، ’’کہ ہوش کس کو تھا، میں پیدل ہی آگے بڑھتا گیا۔ چوک پر ایک حکیم اور لالہ کی دکان ہوتی تھی۔ 1947ء سے قبل جب لاہور سے آتا تھا تو گھر پہنچے کی جلدی میں ان کی دکان سے کترا کر چلتا تھا۔ دیکھتے ہی وہ آواز لگاتے تھے۔اوی کلدیپا لاہور کی گپ شپ سنا۔ ملک کی سیاست، گاندھی، جناح و نہرو کی مصروفیات وغیرہ کی پوری تفصیلات سننے کے بعد ہی وہ آگے بڑھنے دیتے تھے۔‘‘ مگر آج کسی طرف سے کوئی آواز نہیں آرہی تھی ۔ بازار سے گزرتے ہوئے ایک ایک چہرے کو پہچانے کی کوشش کر رہا تھا کہ کوئی پوچھے کہ کلدیپ کب آئے ہو۔ جگہ تو مانوس تھی مگر چہرے نامانوس تھے۔ نیئر کا کہنا تھاکہ پہلی بار ادراک ہوا کہ وطن مٹی، گارے ،پتھر اور سیمنٹ سے بنے کسی ڈھانچے کا نام نہیں، بلکہ زندہ روحوں اور وجودوںسے ملک بنتا ہے۔ آبائی مکان کے پاس پہنچے تو اندھیرا ہو چکا تھا۔ وہ دیوار سے زار و قطار لپٹ کر رو رہے تھے، کہ مکینوں کو کچھ کھٹ پٹ کی آوازیں آئی، اور ان کو پکڑ کر پوچھ گچھ کرنے لگے۔ مگر جب ان کو معلوم ہوا کہ یہ کلدیپ نیئر ہیں، تو عزت و احتشام کے ساتھ اندر لے گئے۔ پورا محلہ جمع ہو گیا تھا۔ نیئر نے کہا وہ مکان کے پچھواڑے پیر صاحب کی قبر کی زیارت کرنا چاہتے ہیں۔ مکینوں کو پتہ بھی نہیں تھا کہ وہاں کوئی مزار ہے۔ کشمیر کے بارے میں ان کا اپنا ایک نظریہ تھا، جس سے میرا ان کا ہمیشہ اختلاف رہتاتھا۔انسانی حقوق کے معاملے میں وہ حکومت کو آڑے ہاتھوں تو لیتے تھے، مگر اس کی بنیادی وجہ کو صرف نظر کرتے تھے۔ جنوری 1993ء میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے صدر یاسین ملک کا دوران حراست دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں دل کا بائی پاس آپریشن ہوا۔ آپریشن کے فوراً بعد ہی انہوں نے اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہی کشمیر میں ابتر ہوتی ہوئی صورت حال کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت بھارت عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کو کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال کی جانچ کرنے کی اجازت دے۔ ان کی حالت روز بہ روز بگڑ رہی تھی۔بھارتی انٹیلی ایجنسیوں نے کلدیپ نیئر کو تیار کیا کہ وہ ملک صاحب کو سمجھائیں کہ ایمنسٹی کو کشمیر جانے کی اجازت کی ضد چھوڑدیں، اس کے عوض میں بھارتی انسانی حقوق کے کارکنوں کو کشمیر میں زیادتیوں کی تحقیق کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ مجھے یاد ہے کہ گاندھی پیس فاونڈیشن کے ایک کمرے میں پیپلز یونین فار سول لیبرٹیز، اسٹیزنز فار ڈیموکریسی اور پیپلز رائٹس آرگنائزیشن جیسی حقوق انسانی کی تنظیموں کو مدعو کیا گیا تھا۔ نیئر کا کہنا تھا کہ ایک مشترکہ وفد کو کشمیر جاکر حالات کا جائزہ لینا چاہئے۔ میں نے اور مرحوم ایڈوکیٹ سالار محمد خان اور پروفیسر اروبندو گھوش نے اسکی شدت کے ساتھ مخالفت کی ۔ ہمارا خیال تھا کہ اسوقت بھارت بری طرح عالمی دبائو کا شکار تھا اور تھوڑ ی اور کوشش سے ایمنسٹی کو کشمیر جانے کی اجازت مل سکتی ہے اور نہ بھی ملے تو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے میں اسکی سرزنش کی گنجائش ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت بھارتی معیشت کی حالت خستہ تھی ۔ سرکاری خزانے میں سونا تک مغربی ممالک میں گروی رکھا جا چکا تھا۔ اس کا بہترین دوست سویت یونین ٹوٹ کر بکھر چکا تھا۔اور آخر خفیہ ایجنسیوںکو انسانی حقوق سے کیا لینا دینا کہ وہ ہماری پذیرائی کرنے کیلئے تیار ہیں۔ خیر ہم نے اس وفد سے اپنے آپ کو علیحدہ کر دیا۔ جسٹس سچر اور کلدیپ نیئر یاسین ملک سے ملنے ہسپتال پہنچے اور ان کو یقین دلایا کہ ان کی رپورٹ ایمنسٹی کی رپورٹ کی ہی طرح غیر جانبدار معروضی اور معتبر ہوگی اور جوس پلا کر ان کی بھوک ہڑتال ختم کروائی۔ یہ وفد آخر کار مئی 1993ء کو کشمیر میں وارد ہوا۔ اس وفدنے کشمیر میں انٹروگیشن سینٹروں میں ایذیتوں اورحراستی اموات پر ایک مفصل رپورٹ جاری کی۔ اسی وقت سرینگر میں جموں و کشمیر پولیس نے اپنے ایک ساتھی ریاض احمد، جو ایک فٹبالر بھی تھا ، کی موت کے خلاف اسٹرائک کی تھی۔ ریاض ، جموں سے سرینگر آرہا تھا، کہ فوج نے تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران اسکو ہلاک کیا ۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کا شناختی کارڈ بھی اسکو بچا نہیں پایا۔ تقریباً1500پولیس اہلکاروں اور افسران نے اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ کرکے ، پولیس کنٹرول روم پر قبضہ کیا تھا۔ گفت و شنید کے بعد با لآخر فوج نے کنٹرول روم کو اپنی تحویل میں لیکر کئی پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیا۔ جب اہلکاروں سے ہتھیار رکھوائے جا رہے تھے تو بی ایس ایف نے فائرنگ کرکے تین اہلکاروں کو ہلاک کرکے معاملہ اور پیچیدہ کردیا۔ جب اس رپورٹ کو پاکستان کے وزارء خارجہ صدیق خان کانجو، عبدالستار، فاروق لغاری اور آصف احمد علی نے بین الاقوامی فورمز پر خوب اچھالا، تو کلدیپ نیئر معنی خیز نظروں سے ہمیں بتانے کی کوشش کر رہے تھے کہ شاید ایمنسٹی کی رپورٹ بھی اس قدر قابل اعتبار نہیں ہوتی، جتنی بھارت کے اندر انسانی حقوق کے مقتدر کارکنان کی ہے۔ اس کے سال بھر بعد اس رپورٹ کی وجہ سے جنیوا میں انسانی حقوق کمیشن میں بھارت کی ایسی درگت بنی کہ اگر ایران اس نازک مرحلے میں عین وقت پر ساتھ نہیں چھوڑتا تو سلامتی کونسل کی طرف سے بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد ہوگئی ہوتیں۔ بھارتی وزیر اعظم نرسمہارائو نے اس مشکل سے نکالنے کیلئے نہ صرف اپوزیشن لیڈر اٹل بہاری واجپائی کو جینوا وفد کا سربراہ بنا کر بھیجا، بلکہ اس سے قبل بستر مرگ پر پڑے اپنے وزیر خارجہ دنیش سنگھ کو انتہائی خفیہ مشن پر تہران روانہ کیا۔ کلدیپ نیئر کی صحافت کا آغاز’’انجام ‘‘اخبار سے تو ہوا تھا ، مگراب ایک عرصہ سے سنڈیکیٹ جرنلزم (Syndicated Journalism) کی ذریعہ 14زبانوں میں انکا ’’بین السطور‘ ‘کالم دنیاکے ایک سوسے زائد اخبارات میں شائع ہورہا تھا۔ وہ راجیہ سبھا کے ممبر بھی رہے۔ وی پی سنگھ حکومت کے زمانے میں برطانیہ میں بھارت کے ہائی کمشنر بھی رہے اوراس دوران اپنے ذوق کے مطابق برصغیر کی آزادی سے متعلق مواد کو لندن میں خوب کھنگالا۔انہو ںنے وہاں سے ایک بار اپنے ایک دوست اے یو آصف کو ایک خط کے جواب میں تحریر کیا کہ ’’ میں تمہارے ان ریمارکس سے جھوم اٹھا کہ تم چاہتے ہو کہ میں جلد لکھنے لکھانے کی طرف واپس آجاؤں۔ انشاء اللہ ، میں ایسا ہی کروں گا‘‘۔ اور پھر وہ ہائی کمشنری کو الوداع کہہ کر واپس آگئے اور صحافت کو پھر سے فیضیاب کرنے لگے اور تاحیات کیا۔انہو ںنے تقریباً 15کتابیں بھی لکھیں جن میں ’ انڈیا دی کرٹیکل ایئرز‘ اور ’ ڈسٹینٹ نیبرز- بر صغیر کی کہانی‘ قابل ذکر ہیں۔ ایمرجنسی پر بھی انکی کتاب ’دی ججمنٹ‘ بہت مشہور ہوئی۔علاوہ ازیں چند برسوں قبل اپنی ضخیم آپ بیتی ’بی آنڈ دی لائنیز‘ بھی لکھی ۔یہ حقیقت ہے کہ کلدیپ نیئر کے رخصت ہونے سے صحافت اور علمی دنیا یتیم ہوگئی ہے۔ وہ سیکولر اورجمہوری اقدار کے امین تھے اور دہلی میں خاص طور پر اردو سے متعلق محفلوں کی جان ہوتے تھے۔