کینیڈا میں جشن عید میلاد النبیﷺ، یوم ختم نبوت منایا گیا
اٹاوا( این ایم سلہری سے ) کینیڈا کے صوبہ اٹاوا میں سلام پاکستان کینیڈا کے زیر اہتمام 10واں سالانہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والسلام اور 50 واں یوم ختم نبوت عقیدت اور جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ معروف نعت خواں مختیار عطاری، معروف قوال مشفق ہاشمی نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ والسلام کی شان میں نعتیں پڑھیں۔ خطیب محفل معروف مذہبی سکالر یوسف برادۃ Youssef Berrada نے سیرت النبی پہ روشنی ڈالی۔ کینیڈا میں پاکستان کے ایکٹنگ ہائی کمشنر فیصل کاکڑ نے بطور مہمان خصوصی اس بابرکت اور مقدس محفل میں شرکت کی انہوں نے اپنے خطاب میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ والسلام کے پیغام اخوت و محبت اور ایثار و یگانگت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے دنیا میں کامیابی و کامرانی حاصل کرنی ہے تو پھر ہمیں رسول کریم صلی اللہ علیہ والسلام کے فرمودات کے مطابق معاشرتی روا داری کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ شرکاء محفل نے خصوصی طور پہ 1974 کے تمام اراکین کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا بھی کی جن کی وجہ سے عقیدہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ والسلام کو آئینی تحفظ حاصل ہوا۔