2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

ہر شعبے میں بہتری کیلئے اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کر رہے : وزیراعظم

12-12-2024

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف کے ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔ اس ضمن میں وزیرِ اعظم سے گورننس کی بہتری کیلئے نئے تعینات شدہ ماہرین نے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے کہا گورننس کی بہتری کیلئے ماہرین کی تعیناتی سے فیصلہ سازی کے عمل میں بہتری آئے گی۔ شہبازشریف نے کہا عوامی مفاد کے اہم فیصلوں کی ماہرین کی رائے اور تنقیدی جائزے کے بعد منظوری سے دور رس مثبت نتائج مرتب ہونگے ۔ وزیر اعظم نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میرے لئے یہ انتہائی قابل مسرت امر ہے کہ ہم باصلاحیت اور اپنے شعبوں میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے والے لوگوں کی خدمات سے مستفید ہوں گے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آپ سب پر ملکی امور کی فیصلہ سازی میں ماہرانہ رائے اور تعمیری سوچ شامل کرنے کی اہم ذمہ داری ہے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ پر امید ہوں کہ آپ اپنی ذمہ داریاں انتہائی احسن طریقے سے سر انجام دینگے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ملک کے ہر شعبے میں بہتری کیلئے اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کر رہی ہے ،ڈیجیٹائزیشن، خودکار نظام اور فیصلہ سازی میں بہتری ہی جدید دور میں ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل اور مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے اور نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کریں گے ۔ شاہ غلام قادر نے آزاد جموں و کشمیر کے توانائی کے مسائل کے حل کے حوالے سے 23 ارب روپے کے پیکج کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے شاہ غلام قادر سے کہا کہ آپ اپنی بھرپور کوشش کریں کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے ۔ پاکستان میں بنگلہ دیش کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیق نے وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش تعلقات کے فروغ کے لئے ہائی کمشنر کی شاندار خدمات کو سراہا۔ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ خیر سگالی کے تعلقات کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ہائی کمشنر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ بھی گئے اور ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔وزیر اعظم نے ایکس پر پیغام میں برازیل کے صدرلولا ڈا سلوا کی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔