ہم تیار لیکن ابھی مذاکرات شروع نہیں ہوئے ، جب بھی ہونگے اوپن ہونگے :پی ٹی آئی
اسلام آباد،کراچی،لاہور(سپیشل رپورٹر،نیوز ایجنسیاں،سٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہاہے ہم تیار لیکن ابھی مذاکرات شروع نہیں ہوئے ،جب بھی ہونگے اوپن ہونگے ۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہم سب کے ساتھ مذ اکرات کرنے کو تیار ہیں،سپیکر سے مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنادی ہے ،اس کے نام بھی بتادئیے ہیں،سپیکر سے میں اور عامر ڈوگر نے گزشتہ روز انکی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی تھی ، اگر سپیکر قومی اسمبلی مذاکرات کرانے میں مثبت کردار ادا کریں تو اچھی بات ہے ،ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے پہلے بھی کمیٹی کو اختیار دیاتھا، اب بھی بااختیار کمیٹی بنائی ہے ،جب تک سیاسی مزاکرات آگے نہیں بڑھیں گے ملک ترقی نہیں کرسکتا،سول نافرمانی کی تحریک پر امن ہوتی ہے ، اس میں کوئی چیز توڑتو نہیں رہے ۔جو بھی ہم سے بات کرنا چاہے بس وہ بااختیار ہو،ہمارے مطالبات اسیران کی رہائی اور 9 مئی یا 24 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل ہے ۔اسد قیصر نے کہا۔پی ٹی آئی رہنما اسدقیصر نے کہا کہ مذاکرات جب بھی ہوں گے اوپن اورسب کے سامنے ہوں گے ،ابھی مذاکرات کے حوالے سے قواعدو ضوابط طے ہورہے ہیں ۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرنے کہا تحریک انصاف کبھی بھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹے گی،خواجہ آصف کے بیانات سیاست کا حصہ ہیں، ان سے ہم دل برداشتہ نہیں ہوں گے ، مذاکرات کن سے ہوں گے یہ سب کو پتہ ہے ، مذاکرات کرنے والوں کو بھی پتہ ہے کہ وہ کیوں مذاکرات کر رہے ہیں، اگر حکومت نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تو پھر 15 دسمبر کے بعد سول نافرمانی کی تحریک شروع ہو جائے گی تا ہم اس کا ابھی حتمی اعلان نہیں ہوا،ہمارے ورکرز اور لیڈران پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،ان واقعات کی مکمل و شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ لطیف کھوسہ نے کہا حکومت آئین اور قانون کی پاسداری نہیں کر رہی ہے ۔رکن قومی اسمبلی عادل بازئی نے کہا میرا ایک ارب روپے کا پلازہ گرایا ، 26 ویں آئینی ترمیم میں ووٹ ڈالنے پر زدوکوب کیا گیا۔ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے اپنے چوری شدہ مینڈیٹ کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی حکومت کے خیال کو واضح طور پر مسترد کردیااورکہا جمہوری اصولوں کی بے توقیری اور جمہوریت کے ساتھ غداری ہوگی، پی ٹی آئی اس دھارے کا حصہ نہیں بنے گی۔انہوں نے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان کسی قسم کے مذاکرات کی تردید کی اورکہا پی ٹی آئی کبھی بھی مذاکرات کی بھیک نہیں مانگے گی۔سلمان اکرم راجہ نے کہا ہم سے استعفے مانگنے کی خبر غلط ہے ، بانی پی ٹی آئی نے تمام قائدین پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ،ہم ہر ایک کے ساتھ بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا جیل میں صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود پاکستان کو آئین و قانون کے راستے پر چلانے کی بانی پی ٹی آئی کی کمٹمنٹ میں کوئی کمی نہیں آئی۔