2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

ہم گورنر راج یا کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

30-11-2024

کراچی (صباح نیوز، آن لائن) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ میں بھی کئی بار گورنر راج لگانے کی بات کی گئی، ہم گورنر راج یا کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کبھی گورنر راج کی بات بھی نہیں کرے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے فور توسیعی منصوبہ دسمبر 2025 تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کے فور کی توسیعی کے منصوبے پر اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا ،متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیر بلدیات سعید غنی نے بریفنگ میں بتایا کہ کے فور کی توسیع کا منصوبہ ورلڈ بینک اور ایشن انویسٹمنٹ بینک کے تعاون سے 71.522 ارب روپے میں مکمل ہوگا۔ کے فور کی کل لمبائی 111 کلومیٹرز ہے جس سے 650 ایم جی ڈی پانی کراچی کو ملے گا۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 260 ایم جی ڈی پانی شہر کو فراہم کیا جائے گا، کے فور کا راستہ تقریباً 152 کلومیٹرز بنتا ہے ، 28.5 کلومیٹرز میں 72 ڈایامیٹر کی پائپ لائنز، 25.5 کلومیٹرز پر 96 انچ کی ڈایا میٹرز، 26 کلومیٹرز میں 72 انچ ڈایامیٹر اور 14 کلومیٹر کے 72 انچ ڈایامیٹرز کی پائپ لائن بچھائی جائیں گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے عزیز بھٹی پارک تا حسن اسکوائر 2.7 کلومیٹر پائپ لائن بچھانے کی ہدایت دیدی، مراد علی شاہ نے کہا کہ بی آر ڈی ریڈ لائن کا کام جاری ہے تو کے فور کی لائن بھی بچھنی چاہئے ، کے فور منصوبے کا پانی شہر میں جلد تقسیم کرنا شروع کریں۔ریزروائر ون سے وائی جنگشن تک، ریزروائرٹو سے وفاقی یونیورسٹی تک، وفاقی یونیورسٹی سے گلبائی تک، ریزروائر تھری سے بنارس تک پائپ لائن بچھانی ہے ، وزیراعلیٰ سندھ نے کاغذی کارروائی مکمل کر کے کام شروع کرنے کی ہدایت دیدی۔وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر توانائی کو کے بی فیڈر کی لائننگ کی ہدایت دیدی، انہوں نے کہا کہ کے بی فیڈر کی لائننگ کا پروجیکٹ 19 بلین روپے کا ہے ، فنڈز کا بندوبست کر رہا ہوں آپ کام کی تیاری کریں، کے فور کے لیے 132 کے وی گرڈ اسٹیشن کا ٹرینڈر جاری کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کی 30 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن کا ٹرینڈرجاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم کو عالمی برادری نظر انداز نہیں کر سکتی۔ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے حمایت جاری رہے گی۔اْنہوں نے کہا کہ ہم نے اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کی ہمیشہ مذمت کی ہے ۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کی آزادی اور امن کی حمایت کرتا ہے ، اقوامِ متحدہ کو فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔اْنہوں نے یہ بھی کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی قبضہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔