یونیورسٹیز میں معیار علم و تحقیق کے لئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں گورنر پنجاب
فیصل آباد ( وقائع نگارخصوصی)گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم وٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لئے ہائر ایجوکیشن پر خصوصی توجہ ہے اس سلسلے میں یونیورسٹیز میں علم وتحقیق کا معیار مزید بلند کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے یہ بات یونیورسٹی آف فیصل آباد سرگودھا روڈ کے چھٹے کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈویژنل کمشنر آصف اقبال،آر پی اوغلام محمود ڈوگر،ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگر،سی پی او اشفاق احمدخاں،ایم پی اے میاں خیال کاسترو،چیئرمین ایف ڈی اے اسد معظم،وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال چودھری ،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جاویداکرم،چیئرمین بورڈ آف گورنرزحیدر امین،چیئرمین مدینہ فاونڈیشن میاں محمد حنیف،وائس چیئرمین میاں محمد رشید،پروریکٹر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر ظہیر جاوید پراچہ،پروریکٹر ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید،شوبزانڈسٹری سے ریما خان اورگلوکاروارث بیگ کے علاوہ اساتذہ ،والدین اورطلبا وطالبات بڑی تعداد میں موجود تھے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے لہذا وہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے ملک وقوم کی ترقی میں کردارا دا کریں،موجودہ حکومت نوجوانوں کو علم وہنر میں وسیع مواقع فراہم کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کو تین اہداف دیئے گئے ہیں جن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی،انرجی کے لئے سولر سسٹم اور بارشی پانی کو محفوظ کرنے کے پراجیکٹس مکمل کئے جائیں گے ۔انہوں نے مختصر عرصہ میں کامیابی کی منازل طے کرنے پریونیورسٹی آف فیصل آباد،میڈیکل اینڈڈینٹل کالج کے منتظمین کی گرانقدر خدمات کو سراہا اوراپنے بھرپورتعاون کایقین دلایا۔قبل ازیں گورنر پنجاب نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس میں میڈلز وڈگریاں تقسیم کیں۔چیئرمین بورڈ آف گورنرز حیدر امین نے گورنر پنجاب چودھری سرور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بھر پور کوششوں سے یونیورسٹی آف فیصل آباد کو بلند پایہ درس گاہ بنایا گیا ہے جس میں درس و تدریس اور فیکلیٹز کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات موجود ہیں ۔ انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال میں مستحق طلبہ اورمریضوں کے لئے فراہم کردہ سہولیات سے بھی آگاہ کیا۔ریکٹرز نے ادارہ کی علمی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ طالب علموں کو آن لائن سروسز بھی فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے ہونہار ڈگری ہولڈرز کو مبارکباد دی اور ان کے لئے مستقبل میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔آخر میں سابق چیئرمین بورڈ آف گورنرز میاں محمد حنیف نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور دیگر مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا ۔ونیورسٹی آف فیصل آباد کے چھٹے اوریونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے 5ویں کانووکیشن کے دوران مجموعی طور پر1371طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جن میں یونیورسٹی کے 1026اور میڈیکل وڈینٹل کالج کے 345سٹوڈنٹس شامل تھے اور ان میں29 گولڈ میڈلز ، 54 سلور میڈلز اور32 سٹوڈنٹس کوبرؤنز میڈلز سے نوازا گیا۔ایم بی بی ایس کے دونوں سیشنز میں بہترین سٹوڈنٹس کا ایوارڈ اقرا سعید اور ثمرا رمضان نے حاصل کیا ۔گورنر پنجاب نے ڈگری حاصل کرنے اورتعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ،ان کے والدین اوراساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء وطالبات عملی میدان میں اعلیٰ مقاصد کے حصول کا مشن اختیار کریں جس میں کامیابی کیلئے محنت،لگن اور تندہی سے خدمات انجام دی جائیں۔انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے والدین اور اساتذہ کی عزت وتوقیر میں کمی نہ آنے دیں جن کی دعاؤں اورمحنت سے وہ اس مقام پر پہنچے ہیں۔